رسائی کے لنکس

پشاور 10 وکٹوں سے فاتح، لاہور کی مسلسل پانچویں شکست


میچھ میں جیت پر پشاور زلمی کا جشن، فائل فوٹو
میچھ میں جیت پر پشاور زلمی کا جشن، فائل فوٹو

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے 10وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ رواں سیزن میں یہ کسی بھی وکٹ کی سب سے طویل  شراکت ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے یک طرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک اور شکست سے دوچار کردیا۔ ایونٹ میں لاہورقلندرز کی یہ مسلسل پانچویں ہار ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 100رنز بناسکی۔پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف13اعشاریہ 4 اوورز میں بغیر کو ئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔کامران اکمل57 اورتمیم اقبال37رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے 10وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ رواں سیزن میں یہ کسی بھی وکٹ کی سب سے طویل شراکت ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندر کے کپتان مک کولم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔فخرزمان اور مک کولم نے 42 رنز اچھا آغاز دیا لیکن مک کولم ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 15 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔

مک کولم کے آؤٹ ہونے کے بعد آغا سلمان میدان میں اُترے اور فخرزمان کے ساتھ اننگز آگے بڑھائی، مجموعی اسکور 57 رنز ہی ہوا تھا کہ لیام ڈاؤسن نے پہلے فخرزمان اور پھر اگلی ہی گیند پر رام دین کو پویلین واپس بھیج دیا، فخرزمان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤکا شکار ہوگئی اور آغا سلمان 13 رنز بناکر سمین گل کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

ڈاؤسن نے سہیل اختر کو 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھادی، یوں 73 رنز پر لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی۔

سنیل نارائن کو 3 رنز پر حسن علی نے کلین بولڈ کیا، عمر اکمل 15 اور سہیل خان 4 رنز ہی بناسکے۔

اس طرح لاہور قلندرز کی پوری ٹیم17 اعشاریہ 2 اوورزمیں 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی جو رواں سیزن میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکورہے۔ اس سے قبل آج پہلے میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ 42 رنز پر لاہور قلندرز کی ایک بھی وکٹ نہیں گری تھی، یوں اسکور میں 58 رنز کے اضافے پر اُس کی دس وکٹیں گر گئیں۔

پشاور زلمی کے ڈاؤسن اور حسن علی نے تین، تین جبکہ وہاب ریاض نے دو اور سمین گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں 14 میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 7، 7، پشاور زلمی کے 6 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4، 4 پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندر نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

اتوار کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG