رسائی کے لنکس

پشاور زلمی کا نیا اعزاز، چینی کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ بن گئے


پشاور زلمی کے چینی کھلاڑی
پشاور زلمی کے چینی کھلاڑی

اب تک ایک عام خیال یہ تھا کہ’ چین اور کرکٹ ‘۔۔دونوں الگ الگ باتیں ہیں، چینیوں کا بھلا کرکٹ سے کیا لینا دینا لیکن اب ایسا خیال ذہن و دل سے نکال دیجیئے کیوں کہ چینی شہریوں نے بھی نہ صرف کرکٹ میں دلچسپی لینا شروع کردی ہے بلکہ ان کے دو کھلاڑی جمعرات کو پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بن کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل تھری کے میدان میں اتر رہے ہیں۔

چین میں پشاور زلمی کے نمائندے عامر سہیل آفریدی نے پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ ژیان لی اور یوفی ژانگ کو زلمی کا حصہ بنانے کا مقصد چین میں کرکٹ کو فروغ دیناہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طرح چینی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو روشناس کرانے کا بہترین موقع مل سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی کھلاڑی پہلے ہی دبئی میں زلمی کیمپ جوائن کرچکے ہیں۔

پشاور زلمی دفاعی چیمپئن ہے، وہ تیسرے سیشن میں اب تک تین میچ کھیل چکی ہے۔ ایک میچ میں اسے کامیابی ملی جبکہ باقی دونوں میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جمعرات کو ہونے والے چوتھے میچ میں اس کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا، جبکہ بدھ کو گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائٹیڈ سے ہوا جس کے بعد تین میچز میں سے دو میچز میں اسے فتح اور ایک میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

کرکٹ کے شیدائیوں اور زلمی کے پرستاروں کے لئے ہاؤس آف زلمی نے گلوبل زلمی لیگ کا اہتمام کیا جس میں دنیا کے 16 سے زائد ملکوں کے زلمی کلبس کی نمائندگی موجود تھی۔

چائنا زلمی نے چینی کرکٹرز کی نمائندگی کی، ان کرکٹرز میں سے اکثریت کو پاکستان برادری’ کیقییاؤ‘سے منتخب کیا گیا تھا۔

شرکت کرنے والی ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا اور چائنا زلمی اپنے تینوں لیگ میچز کے کواٹر فائنل تک ناقابل تسخیر رہی ہے یہاں تک کہ فائنل میں بھی جیت اس کا مقدر بنی۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے نہ صرف جیتنے والی ٹیم کو دس ہزار ڈالر بطور انعام دیا بلکہ انہوں نے اس کے دو کھلاڑیوںکو سینئر ز ٹیم ممبرز کے ساتھ پریکٹس سيشن میں حصہ لینے کی اجازت بھی دی۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ’چائنا زلمی ‘،گلوبل زلمی لیگ جیتے میں کامیاب ہو جائے گی جس سے چینی نوجوانوں میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہو گا۔

XS
SM
MD
LG