رسائی کے لنکس

لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل میچز کراچی منتقل


پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے لاہور میں ہونے والے تین میچز کراچی منتقل کر دیئے گئے ہیں جس کے بعد کراچی میں ہونے والے میچز کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

پی ایس ایل کی چھ ٹیمیں دبئی اور شارجہ میں 22 میچز کھیل چکی ہیں جس کے بعد پیر اور منگل کو ابوظہبی میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔

ان میچز کے بعد تین میچز لاہور میں اور پانچ میچ کراچی میں ہونا تھے تاہم اب یہ تینوں میچز بھی کراچی منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ اس طرح کراچی میں کل آٹھ میچز کھیلے جائیں گے۔

میچز کی منتقلی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا، ’میں نے دو سال پہلے پی ایس ایل کے صرف 2 میچز کراچی میں کروانے کی بات کی تھی مگر اب تمام میچز یہاں ہو رہے ہیں جو بڑی بات ہے۔ میں کراچی کے ہر شہری سے تعاون کی اپیل کرتا ہوں۔ ہم اپنی طرف سے ہرممکن تیاری کر رہے ہیں۔ ‘

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ ان میچوں کی منتقلی کی وجہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کی تاخیر سے دستیابی بتائی جا رہی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنجز درپیش ہو سکتے تھے جس سے بچنے کے لئے میچز کو کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے، ’یہ فیصلہ ہم نے تمام فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ ہمارا نکتہ نظر یہی ہے کہ تمام میچ پاکستان میں ہی ہوں۔‘

نئے شیڈول کے تحت اب پہلا میچ 9 مارچ کو لاہور اور اسلام آباد کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔ 10 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ شام 7 بجے ہو گا۔

11 مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا میچ دوپہر 2 بجے اور کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ اسی شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

13 مارچ کو کوالیفائر، 14مارچ کو پہلا ایلیمینیٹر اور 15 مارچ کو دوسرا ایلیمینیٹر میچ کھیلا جائے گا۔

فائنل 17 مارچ کو شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔ کراچی کے تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق لاہور کے ٹکٹس کی رقم ٹکٹ خریدنے والوں کو واپس کر دی جائے گی جبکہ کراچی والے اب ایک ٹکٹ پر دو میچز دیکھ سکیں گے ۔

XS
SM
MD
LG