رسائی کے لنکس

’ پاکستان سپرلیگ ‘کا فائنل لاہور میں ہوگا، حتمی فیصلہ ہوگیا


پاکستان آنے والے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو 10 ہزار ڈالر اضافی دیئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ انہیں وی وی آئی پی سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

’پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو ‘کا فائنل لاہور میں ہی 5 مارچ کو ہوگا، اس بات کا حتمی فیصلہ پیر کو پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان دبئی میں ہونے والے اجلاس میں ہوا ۔

اجلاس میں یہ معاملہ بھی طے پاگیا کہ اگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل فائنل کھیلنے کے لئے پاکستان آنے سے انکار بھی کیا تو بھی فائنل لاہور میں ہی ہوگا اور ان کھلاڑیوں کے بدلے ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔

اس فیصلے کے ساتھ ہی یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ متعدد کھلاڑیوں نے ہی نہیں بلکہ غیر ملکی کوچز نےبھی لاہور آنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جبکہ کچھ کھلاڑی اب بھی لاہور آنے سے انکاری ہیں جن میں کراچی کنگز کے کرس گیل، کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے شامل ہیں۔

پاکستان آنے والے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو 10 ہزار ڈالر اضافی دیئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ انہیں وی وی آئی پی سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ پے در پے واقعات کے بعد اس بات کے خدشات ظاہر کئے جارہے تھے کہ شاید فائنل لاہور میں نہ ہوسکے لیکن پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے نتیجے میں حتمی فیصلہ ہوا کہ پی ایس ایل سیزن ٹو کا فائنل لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG