رسائی کے لنکس

قرآن جلانے پر پاکستان میں احتجاج؛ سویڈن کے سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کا مطالبہ


پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سویڈن میں قرآن جلائے جانے کے واقعہ پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر چارسدہ کی ایک مسجد میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی پر مقامی آبادی مشتعل ہے۔

ہفتے کی شب چارسدہ کی ایک مقامی مسجد میں قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔

پیر کو چارسدہ شہر میں قرآن کی بے حرمتی اور سویڈن میں قرآن جلانے کے واقعہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سویڈن کی حکومت سے تجارتی اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک میں سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے۔ اسلامی ملکوں کی تنظیم (او آئی سی) نے بھی اس حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

چارسدہ میں قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ

چارسدہ پولیس کے درج شدہ مقدمے کے مطابق یہ واقعہ کلیاس گاؤں کی مسجد کے اندر یہ واقعہ ہفتے کی شب پیش آیا۔

درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی شب رات تقریباً 11 بجے نامعلوم افراد نے مسجد میں گھس کر وہاں تلاوت کے لیے رکھے گئے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور اسے آگ لگا دی۔

چارسدہ کے گاؤں کلیاس اور سویڈن میں قران کی بے حرمتی اور کلیاس مسجد میں نامعلوم شرپسندوں کے ہاتھوں جلائے جانے کے خلاف عالمی تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

مقررین نے سویڈن حکومت سے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا مقررین نے سویڈن کے سفیر کو نکالنے کا مطالبہ کیا۔

سویڈن میں ایک عراقی نژاد شخص نے اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر بدھ کو عید کے دن قرآن کے کچھ صٖفحات جلا دیے تھے۔

رپورٹس کے مطابق اس شخص سے ایک نسلی گروپ کےخلاف اشتعال انگیزی میں ملوث ہونے کے الزام میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا کےمتعدد اسلامی ممالک نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی سویڈن واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کا خیر مقدم کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG