رسائی کے لنکس

عمران خان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد، مقدمات نہ سننے کی استدعا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف عدم اعتماد کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی ہیں۔

عمران خان نے درخواست میں کہا ہے کہ "مجھے آپ سے انصاف کی توقع نہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ میرا کوئی کیس آپ نہ سنیں۔"

سابق وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس پر الزام عائد کیا کہ آپ نے متعدد مواقع پر میرے خلاف کسی ذاتی یا دیگر وجوہات کی وجہ سے خلافِ قانون فیصلے دیے۔

واضح رہے کہ مقامی عدالتوں کے متعدد فیصلوں اور احکامات کے خلاف عمران خان کی اپیلیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔

دوسری جانب عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں درج 10 مقدمات پر چیف کمشنر نے ضلعی کچہری میں مقرر سماعتوں کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کر دیا ہے۔

مقدمات کی جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے سربراہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف ملک بھر میں 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG