رسائی کے لنکس

کراچی: لیاری میں کشیدگی، علاقہ مکینوں کا احتجاج


ولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا جسکے بعد ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری ٹاؤن میں گزشتہ کئی روز سےجاری بد امنی کے خلاف علاقہ مکینوں نے بدھ کے روز ماڑی پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے شہر کی اہم شاہراہ ماڑی پور روڈ کو احتجاجاً ٹائر جلاکر مکمل بلاک کردیا جس کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔


احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور پانی کی تیز دھاروں کا استعمال بھی کیا جس کے نتیجے میں ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ۔

مظاہرے میں شریک افراد کا مطالبہ تھا کہ گزشتہ کئی روز سے لیاری میں جاری کشیدگی کو ختم کرایا جائے کیونکہ ان کے بقول دو گروپوں میں جاری تصادم کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا ہوا ہے۔

گزشتہ روز بھی لیاری کی خواتین نے کراچی پریس کلب کے باہر علاقے میں بد امنی کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔جبکہ لیاری میں گزشتہ کئی روز گزرجانے کے بعد بھی کشیدگی برقرار ہے جس کے باعث اب تک کئی افراد جان سے باتھ دھو بیٹھے اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

کئی روز سے کشیدگی کے باعث بازار مکمل بند ہیں جس کے باعث یہاں اشیائے خور و نوش کی قلت پیداہو گئی ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG