یوکرین میں حکام نے بتایا کہ شورش زدہ مشرقی علاقے میں روس نواز علیحدگی پسندوں نے یوکرین کا ایک مِگ۔29 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔
فوج کے ایک ترجمان کے مطابق اتوار کو لوہانسک کے علاقے میں حملے کے وقت پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔
دریں اثناء فرانسیسی خبررساں ایجنسی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے عہدیدار یوکرین کی سرحد کے قریب روسی علاقے میں پہنچ گئے جہاں وہ امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں کا معائنہ شروع کریں گے۔
آئی سی آر سی کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اس روسی قافلے کے معائنے کے طریقہ کار سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے۔ لیکن ان کے بقول یہ کام شاید اتوار کو شروع نہ ہوسکے۔
تاہم یوکرین کے حکام کا کہنا تھا کہ انھوں نے ان ٹرکوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔
تقریباً 300 ٹرکوں کا قافلہ سرحدی قصبے کے پاس کھڑا ہے۔ اس سامان کی جانچ پڑتال کے بعد ان ٹرکوں کو یوکرین میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
یوکرین میں داخل ہونے کے بعد آئی سی آر سی کی ذمہ داری ہو گی وہ شورش زدہ علاقوں میں یہ امدادی سامان تقسیم کرے گی۔
ماسکو کا کہنا ہے کہ یہ قافلہ صرف اور صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجا گیا لیکن کیئف اور مغربی ممالک یہ باور کرتے ہیں کہ ٹرکوں کے ذریعے علیحدگی پسندوں کو سامان اور اسلحہ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
روس، یوکرین، فرانس اور جرمنی کے وزارئے خارجہ اتوار کو برلن میں ملاقات کر رہے ہیں جس میں یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔