رسائی کے لنکس

کانگریس کی ریلی میں 'پریانکا چوپڑا زندہ باد' کے نعرے کیوں لگے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کی ریلی میں پارٹی رہنما سریندر کمار نے سونیا گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی کے بجائے بالی وڈ اسٹار پریانکا چوپڑا کے حق میں نعرے لگوا دیے۔

ان نعروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس کے بعد سریندر کمار کو تنقید کا سامنا ہے۔ پارٹی عہدیداروں سے لے کر کارکنوں اور عوام تک نے اُنہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

سریندر کمار ریلی کے دوران کانگریس کے رہنماؤں کے حق میں زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے سونیا گاندھی زندہ باد، کانگریس زندہ باد، راہول گاندھی زندہ باد کے نعروں کے بعد اچانک پریانکا گاندھی زندہ باد کے بجائے پریانکا چوپڑا زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

اُنہیں اپنی غلطی کا احساس اس وقت ہوا جب اسٹیج پر موجود ایک اور رہنما نے اس کی نشاندہی کی جس پر اُنہیں فوری معذرت بھی کرنا پڑی اور درست نعرہ بھی لگانا پڑا۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا تاثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کچھ لوگوں کی جانب سے اس پر تنقید تو کچھ اسے مزاحیہ انداز میں لے رہے ہیں۔

ایک خاتون نے لکھا ہے کہ جب 50 روپے گھنٹے پر لوگوں کو نعروں کے لیے بھرتی کیا جائے گا تو ایسا ہی ہوگا۔ اس طرح کانگریس اپنی سیٹیں بچانا چاہتی ہے۔

ایک اور ٹوئٹ سے منسلک تصویر میں پریانکا چوپڑا کو اپنے حق میں نعرے لگتے دیکھ کر روتے دکھایا گیا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کانگریس کامیڈی سرکس چلاتی ہے اور اس کی انتخابی ریلیاں لافٹر شوز ہیں۔

XS
SM
MD
LG