پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف سے ان کی خیرسگالی سفیر پریانکا چوپڑا کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یونیسف کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ہین ریٹا فور کے نام لکھے گئے خط میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ یونیسیف کی خیرسگالی سفیر ہونے کے باوجود پریانکا نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جاری ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کرحمایت کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امن کا سفیر مقرر کیا ہے لیکن پریانکا نے اس منصب کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ پریانکا نے بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان پر جوہری حملے کے بیان کی بھی حمایت کی تھی۔
ڈاکٹر شیریں مزاری نے پریانکا کے رویے اور بیان کو اقوام متحدہ کے امن اور خیر سگالی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ٹوئٹر پر شیئر کئے گئے خط میں شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پریانکا نے اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
شیریں مزاری نے الزام لگایا کہ بھارتی حکومت نازی ازم کی طرح بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قتل عام اور نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وہاں خواتین اور بچوں کے خلاف بھی پیلیٹ گن کا استعمال کیا جارہا ہے اور کشمیری خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حکومت نے ریاست آسام میں بھی چالیس لاکھ مسلمانوں کو شہریت دینے سے انکار کردیا ہے۔
بالی وڈ اسٹار پریانکا چوپڑا کو رواں سال فروری میں بھی پلواما حملے کے بعد جنگ کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کچھ روز قبل امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ ایک تقریب میں ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون نے بھی پریانکا چوپڑا پر تنقید کی تھی۔
پریانکا چوپڑا اب تک تقریباً 50 فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ انہیں سال 2010 میں اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر بنایا گیا تھا۔
انہیں 17 سال کی عمر میں 'حسینہ عالم' کا خطاب جیتنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتی ہیں۔ 'ان مائی سٹی' ان کی پہلی میوزک البم تھی۔ ان کے ایک گانے کو این ایف ایل فٹ بال میچ 2013 میں تھیم سانگ کے طور پر استعمال کیا گیا۔
انہیں ڈیزائنر برانڈ 'گیس' کی نئی اشتہاری مہم کے لیے عالمی چہرے کے طور پر لانچ کیا گیا۔ جب کہ انھیں والٹ ڈزنی ٹون کی انیمیٹڈ اسپورٹس کامیڈی فلم 'پلینس' کے بھارتی کردار کے لیے بھی اپنی آواز کا جادو جگانے کا موقع مل چکا ہے۔