پاکستان کے پانچ روزہ دورے کی یادیں ساتھ لیے برطانوی شہزادہ ولیم جب واپس لوٹے تو اپنے بھائی شہزادہ ہیری کی ذہنی کیفیت دیکھ کر پریشان ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، تخت برطانیہ کے وارثوں میں چھٹے نمبر پر رہنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ شہزادی میگھن شادی کے بعد سے مسلسل شدید ذہنی کرب سے گزر رہے ہیں۔
شہزادی میگھن جو امریکہ کی سابق معروف اداکارہ رہی ہیں، اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں میڈیا کی غیر معمولی دلچسپی سے بھی پریشان ہیں۔
میگھن کا کہنا ہے کہ زچگی کے دوران انہوں نے خود کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کی کوشش کی، لیکن میڈیا کے کچھ حصوں میں ان کے بارے میں جاری رہنے والے منفی پراپیگنڈے نے اُنہیں پریشان کر دیا ہے۔
ڈیوک اور ڈچیس آف سسکس شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن حال ہی میں افریقہ کے دس روزہ دورے سے واپس لوٹے ہیں، جہاں ان پر 'آئی ٹی وی' کی جانب سے ایک دستاویزی فلم تیار کی گئی۔ یہ فلم آئندہ چند روز میں ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔
اپنے افریقی دورے کے دوران میگھن نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نجی زندگی میڈیا کے منفی رویے کے باعث شدید بحران سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ ہیری سے شادی کرنے سے پہلے متعدد لوگوں نے خبردار کیا تھا کہ وہ شاہی خاندان میں شادی نہ کریں کیونکہ میڈیا انہیں جینے نہیں دے گا۔
افریقی دورے کے دوران شہزادہ ہیری نے بھی متعدد انٹرویوز میں کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں اور جو کچھ بھی کرتے ہیں، انہیں ہر لمحہ میڈیا کی جانب سے اپنی والدہ لیڈی ڈیانا کی پریشانی ستاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح میڈیا کے بعض حصوں نے ان کی والدہ کے ساتھ انصاف نہیں کیا، اسی طرح وہ اور ان کی اہلیہ شہزادی میگھن بھی اسی پریشانی سے گزر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ میگھن کے والد ٹامس مارکل ان کی شادی کے مخالف رہے ہیں اور انہوں نے اس شادی میں شرکت بھی نہیں کی تھی۔ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد میگھن نے اپنے والد کو پانچ صفحات کا ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے شکایت کی تھی کہ ان کے والد نے میڈیا میں ان کے خلاف جھوٹے بیانات دیے جن سے ان کا دل ٹوٹ گیا۔
اس خط کے کچھ حصے حال ہی میں برطانوی اخبار ’میل‘ نے شائع کیے ہیں جس پر میگھن نے پرائیویسی ایکٹ کے تحت اخبار پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ تاہم، اخبار اس بات پر قائم ہے کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔
برطانیہ کے تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ شہزادہ ہیری کے لیے دو ہی راستے ہیں۔ یا تو وہ میڈیا کی جانب سے ہونے والی تنقید اور ذہنی دباؤ سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہوں یا پھر تخت شاہی کی وراثت کو خیر باد کہہ دیں۔
شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی کی نجی زندگی کے بارے میں پریشان ہیں اور انہوں نے اس بارے میں ان سے متعدد بار بات بھی کی ہے۔
تاہم، وہ اور ان کا بھائی مختلف راستوں پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ شہزادہ ہیری جلد اس ذہنی کرب سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔