رسائی کے لنکس

نیتن یاہو ایران کے ساتھ مذاکرات کا متبادل نہیں بتا سکے: اوباما


امریکہ کے صدر اوباما
امریکہ کے صدر اوباما

ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کا دفاع کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ مذاکرات ہی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا بہترین راستہ ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے مسئلے پر کوئی متبادل راستہ بیان کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیتن ہاہو نے اپنی تقریر میں کوئی نئی بات نہیں کہی۔

منگل کو اسرائیلی وزیرِاعظم نے ایوانِ زیریں کے اسپیکر جان بوئینر کی دعوت پر کانگریس سے خطاب کیا۔

صدر اوباما نے کہا کہ اگرچہ وہ نیتن یاہو کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ امریکہ اسرائیل تعلقات اٹوٹ ہیں اور ایران ایک خطرناک ریاست ہے مگر انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کی تنقید کو رد کر دیا۔

صدر اوباما نے کہا کہ ’’بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے کیسے روکا جائے۔ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے بعد ایران بہت زیادہ خطرناک ہو جائے گا اور علاقے میں مزید بڑی کارروائی کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ وزیرِاعظم نیتن ہاہو نے اس بنیادی مسئلے کا کوئی قابلِ عمل متبادل پیش نہیں کیا۔‘‘

ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کا دفاع کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ مذاکرات ہی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا بہترین راستہ ہیں جن کے ذریعے ایران اسرائیل کو دھمکا سکتا ہے۔

اس سے پہلے بھی وائٹ ہاؤس کے حکام نے ایوان نمائندگان کے اسپیکر کی جانب سے صدر اوباما سے مشورہ کئے بغیر اسرائیلی وزیرِاعظم کو کانگریس سے خطاب کی دعوت دینے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

اسرائیلی وزیرِاعظم کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر صدر اوباما کی ان سے کوئی ملاقات طے نہیں کی گئی۔ انہوں نے نائب صدر جو بائیڈن کو بھی اس دوران وسطی امریکہ کے دورے پر بھیج دیا تاکہ وہ اسرائیلی وزیرِاعظم کی تقریر کے دوران کانگریس میں موجود نہ ہوں۔

XS
SM
MD
LG