رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ کا جارجیا کا دورہ، اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات


جارجیا میں مائیک پومپیو اپنے ہم منصب سے مذاکرات کر رہے ہیں۔
جارجیا میں مائیک پومپیو اپنے ہم منصب سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے جارجیا کے شہر طبلیسی میں ملک کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران جارجیا کی خود مختاری اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

وہ یورپ اور مشرق وسطیٰ میں اتحادی ملکوں کے دوروں کے دوران جارجیا پہنچے، جہاں انہوں نے صدر سلوم زورابچ ویلی سے بات چیت کی ہے۔ بعد میں انہوں نے وزیر اعظم جیورجی گاکھاریا اور وزیر خارجہ ڈیوڈ زالکالانی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقاتوں کے بعد، پومپیو نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ جارجیا کے ساتھ امریکہ کا تعاون بہت اہم ہے، روسی غلبے کے تناظر میں جارجیا کیلئے امریکی حمایت غیر متزلزل ہے۔

وزیر اعظم گاکھاریا نے ملاقات میں بتایا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات اہم ترین شراکت داری ہے اور وہ جارجیا کی علاقائی خود مختاری کیلئے امریکی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

روس نے سن 2008 کی مختصر جنگ کے بعد،جارجیا کے دو علاقوں جنوبی اوسیٹیا اور ابخازیا پر قبضہ کر رکھا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مائیک پومپیو کے دورے کا مقصد جمہوری اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے پر زور دینا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران پومیو نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اور آزادانہ بحث و مباحثے کی ضرورت پر زور دیا۔

جارجیا کے دورے کے بعد وزیر خارجہ پومپیو اسرائیل جائیں گے جہاں وہ وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کریں گے اور بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے ہونے والے معاہدوں پر بات چیت کریں گے۔ وہ اپنے کثیر ملکی دورے کے دوران متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔

بحرین کے وزیر خارجہ، عبدل لطیف بن راشد الزیانی کی قیادت میں بدھ کے روز بحرین کا پہلا سرکاری وفد اسرائیل کے دورے پر پہنچا۔ یہ وفد گلف ایئر کی پرواز سے وہاں پہنچا جو اسرائیل کیلئے پہلی کمرشل پرواز ہے۔ یہاں ان کی سہ فریقی ملاقات ہو گی، جس میں پومپیو اور بنیامن نیتن یاہو شامل ہو ں گے۔ .

توقع کی جا رہی ہے کہ مائیک پومپیو اس دورے میں مقبوضہ مغربی کنارے کی آبادکاری دیکھنے بھی جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG