رسائی کے لنکس

زمان پارک تصادم:'حکومت اور پی ٹی آئی کی لڑائی میں نقصان ملک کا ہو رہا ہے'


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کے دوران زمان پارک میں تصادم کا معاملہ پاکستان میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے لیکن اس میں حکومت کی خواہش بھی شامل ہے۔

سیاسی مبصرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں پہلے سے ہی سیاسی عدم استحکام ہے اور ایسے میں زمان پارک میں ہونے والے تصادم سے بے یقینی مزید بڑھ رہی ہے۔

سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے دو پہلو ہیں، ایک یہ کہ سیاسی رہنما کی گرفتاری سے اس کی مقبولیت کا گراف اُوپر جاتا ہے۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ اُن کی گرفتاری عوامی حلقوں کے لیے بھی پیغام ہو گی کہ اب عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے پسندیدہ نہیں رہے۔

سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ عمران خان پہلے ہی پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ایسے میں اُن کی گرفتاری سے اُن کے لیے ہمدردی مزید بڑھے گی۔

اُن کے بقول عمران خان کی گرفتاری پی ٹی آئی کے ووٹرز کے لیے بھی پیغام ہے کہ اب عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات کم ہیں۔

سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں نااہل کروایا جائے گا۔

'احتجاج کو طول دینے سے عمران خان کو نقصان ہو گا'

تجزیہ نگار زاہد حسین کہتے ہیں کہ عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تصادم بڑھتا چلا جارہا ہے اور اس صورتِ حال میں حکومت کو فوج کی حمایت بھی حاصل ہو گی۔

اُن کے بقول حکومت اور تحریکِ انصاف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے حکمتِ عملی بنا رہے ہیں۔ لیکن اس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد حسین کا کہنا تھا کہ اگرچہ فوج واضح کر چکی ہے کہ وہ سیاست سے دُور ہے۔ لیکن پاکستان کے معروضی حالات میں ایسا ممکن نہیں ہے۔

اُن کے بقول حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کی کوئی واضح حکمتِ عملی نہیں ہے بلکہ دونوں جانب سے حالات کے مطابق معاملات کو دیکھا جا رہا ہے۔


وہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی کے بعد سے احتجاج کی سیاست کر رہی ہے لیکن عمران خان کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ احتجاجی سیاست کو طول دینے سے انہیں نقصان ہوگا۔

سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے بظاہر انتخابی مہم شروع کر دی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سے ان کی انتخابی مہم متاثر ہو گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ محاذ آرائی کے بجائے الیکشن میں جائے کیوں کہ پرامن انتقالِ اقتدار بھی اسی صورت میں ہو گا جب محاذ آرائی کم ہو گی۔


سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ ریاستی قوانین کے سامنے مزاحمت سیاسی رہنماؤں کا شیوہ نہیں ہے۔ لہذٰا عمران خان کو چاہیے کہ وہ قانون کی پیروی کرتے ہوئے گرفتاری دے دیں۔

زاہد حسین کہتے ہیں کہ سیاسی انتشار اب تشدد میں تبدیل ہو چکا ہے جس سے سیاسی نظام کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر چہ عمران خان کی گرفتاری عدالتی حکم پر کی جارہی ہے لیکن اس کے لیے پولیس کی جانب سے تشدد کا استعمال بتاتا ہے کہ اس میں حکومت کی خواہش بھی شامل ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ عمران خان شروع سے ہی مزاحمت کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں اور اب جو تشدد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے۔

زاہد حسین نے کہا کہ ایسے میں جب دو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دی جاچکی ہے تشدد کی یہ صورتِ حال انتخابات کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG