رسائی کے لنکس

زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ ہے کہاں اور یہ علاقہ کتنا اہم ہے؟


لاہور کا علاقہ زمان پارک ان دنوں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کی وجہ یہاں کے مکین سابق وزیرِ اعظم عمران خان ہیں جنہیں پولیس ایک مقدمے میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی سہ پہر پونے تین بجے شروع ہونے والے آپریشن کے بعد سے لے کر اب تک پولیس 17 مرتبہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے اُن کی رہائش گاہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کر چکی ہے۔ اس دوران کارکنوں کی مزاحمت، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے۔

زمان پارک ہے کہاں؟

لاہور کینال روڈ پر واقع زمان پارک لاہور شہر کے وسط میں ہے۔ زمان پارک کے ایک جانب میو گارڈنز ہیں جہاں ریلوے کے افسران رہائش پذیر ہیں۔ لاہور کا معروف تعلیمی ادارہ ایچی سن کالج بھی زمان پارک کے بالکل قریب واقع ہے۔ عمران خان خود بھی اسی کالج میں زیرِ تعلیم رہے ہیں۔

لاہور کا فائیو اسٹار پرل کانٹینٹل ہوٹل زمان پارک سے محض دو کلو میٹر کی دُوری پر ہے جہاں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے لیے ٹیمیں موجود ہیں۔

اسی طرح وزیرِ اعلٰی ہاؤس اور گورنر ہاؤس بھی زمان پارک سے چند کلو میٹر کی دُوری پر ہیں۔

لاہور کے علاقے دھر م پورہ اور گڑھی شاہو بھی زمان پارک کے قریب ہی واقع ہیں۔

زمان پارک میں عمران خان کا آبائی گھر اور اُن کے ہمسائے

لاہور کے وسط سے گزرنے والی کینال روڈ پر واقع زمان پارک میں نہ صرف عمران خان بلکہ اُن کے دیگر رشتے دار بھی آباد ہیں۔ قیامِ پاکستان کے بعد عمران خان کے خاندان کے کئی افراد یہیں آباد ہوئے تھے۔

عمران خان کو یہ گھر وراثت میں ملا ہے اور اس کا رقبہ سات کنال ہے۔ چند برس قبل اس گھر کی ازسر نو تعمیر کی گئی تھی جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے تھے۔

زمان پارک کے وسط میں ایک گراؤنڈ بھی ہے جہاں عمران خان لڑکپن میں کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں۔

گزشتہ برس نومبر میں وزیرِ آباد میں ہونے والے حملے میں زخمی ہونے کے بعد عمران خان اسی گھر میں مقیم ہیں اور اس کے باہر کارکنوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

لاہور کینال روڈ پر سفر کرتے ہوئے مال روڈ انڈر پاس کے بعد بائیں جانب ایچی سن کالج کراس کرتے ہی زمان پارک کا بورڈ نظر آتا ہے جہاں عمران خان کا کارنر کا گھر ہے۔

عمران خان کے گھر کے سامنے اُن کے کزن طارق زمان کی رہائش گاہ ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن بھی عمران خان کے ہمسائے ہیں جہاں اب اُنہوں نے اپنا دفتر بنا رکھا ہے۔

کارکنوں نے کہاں ڈیرے ڈال رکھے ہیں؟

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد سے ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مین کینال روڈ اور زمان پارک گراؤنڈ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

کینال روڈ پر کارکنوں نے خیمے لگا رکھے ہیں جب کہ زمان پارک گراؤنڈ کو بھی کارکن بیس کیمپ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جہاں کارکنوں نے ٹینٹ لگا رکھے ہیں اور عارضی واش رومز بھی بنا رکھے ہیں۔

منگل کو شیلنگ کے دوران کچھ شیل عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر بھی گرے تھے۔

XS
SM
MD
LG