رسائی کے لنکس

مریم نواز کی پاکستان واپسی؛ 'اسحاق ڈار پر یقین رکھیں وہ معیشت کو گرداب سے نکالیں گے'


مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مشکل میں ہے۔ لیکن عوام اسحاق ڈار پر یقین رکھیں وہ ملک کو اس مشکل سے نکال لیں گے۔

ہفے کی سہ پہر ابو ظہبی سے لاہور پہنچنے پر اڈہ پلاٹ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ یکم فروری سے پورے پنجاب کے دورے پر نکلیں گی اور پارٹی کو منظم کریں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بہت جلد نواز شریف بھی عوام کے درمیان ہوں گے۔ نواز شریف کو بار بار حکومت سے نکالا گیا، لیکن وہ پوری طاقت سے واپس آئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے عمران خان نے خود اپنی دو حکومتیں ختم کر دیں اور اب وہ خود رو رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اُنہیں آج تک یہ سمجھ نہیں آیا کہ نواز شریف کو نااہلی پر نکالا گیا یا اہلیت ہونے پر باہر کیا گیا۔

فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے اُنہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق فواد چوہدری کو سخت سیکیورٹی میں ہفتے کو سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے مجسٹریٹ عدالت کی جانب سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اُنہیں جیل بھجوانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

ہفتے کو سماعت کے بعد سیشن جج طاہر محمود خان نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کو دوبارہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

فواد چوہدری کو منگل کی صبح الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے الزامات پر لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

مریم نواز ساڑھے تین ماہ بعد پاکستان واپس پہنچ گئیں

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لگ بھگ تین ماہ بعد لندن سے پاکستان واپس پہنچ گئی ہیں۔

مریم نواز لندن سے براستہ ابوظہبی ہفے کی سہ پہر لاہور پہنچیں جہاں ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔

مریم نواز کے استقبال کے لیے لاہور سمیت دیگر شہروں سے بھی قافلے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مریم نواز ایئرپورٹ سے جاتی امرا اپنی رہائش گاہ پر جائیں گی۔ ابو ظہبی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو اس معاشی بحران سے نکال لے گی۔

آصف زرداری پر الزام، پیپلزپارٹی کا عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان

پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری پر لگائے جانے والے الزامات پر اُنہیں لیگل نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

ہفتے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نیر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر اور قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بھی عمران خان کے ان الزامات کا نوٹس لینا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کے پاس ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں ورنہ اُنہیں سزا ملنی چاہیے۔ عمران خان کا الزام اپنا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعے کو اپنے ویڈیو خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ اُنہیں راستے سے ہٹانے کے لیے ایک 'پلان سی' بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے ایک دہشت گرد تنظیم کو اُنہیں راستے سے ہٹانے کے لیے پیسے بھی دیے ہیں۔

فواد چوہدری کو اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا

تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے سابق وفاقی وزیر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فواد چوہدری کو سیشن عدالت میں پیش کیا گیا تو ایف ایٹ کچہری میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ عملاً ایک روز کا تھا، لہذٰا فواد چوہدری کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ درکار ہیں تاکہ تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔

خیال رہے کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

XS
SM
MD
LG