رسائی کے لنکس

افریقی ملکوں کے دورے میں روس پر پابندیوں کی بات کی: امریکی وزیر خزانہ


 امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن زیمبیا کے دورے کے دوران لوساک ا کے اسٹیٹ ہاوس میں صدرہاکائندے ہچیلیما کے ساتھ : فائل فوٹو23 جنوری 2023
امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن زیمبیا کے دورے کے دوران لوساک ا کے اسٹیٹ ہاوس میں صدرہاکائندے ہچیلیما کے ساتھ : فائل فوٹو23 جنوری 2023

امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے کہا ہے کہ انہوں نے افریقہ کے اپنے دورے کے ہر پڑاو پر روس کے یوکرین پر حملے کے سلسلے میں اقتصادی پابندیوں کے بارے میں بات کی ہے اور وہ پر امید ہیں کہ روسی تیل کی قیمت کی حد کے بارے میں کوئی معاہدہ جلد طے پاسکتا ہے ۔

ییلن تین افریقی ملکوں کے اپنے ایک دورے کو سمیٹ رہی ہیں جس کا مقصد براعظم کے ساتھ امریکی اقتصادی تعلقات مضبوط کرنا اور بہت سے افریقی ممالک کے ساتھ چین کی تجارت اور قرضے پر طویل تسلط کا مقابلہ کرنا ہے۔

جنوبی افریقہ کے کوئلے کی کان کنی کے صوبے امپوموانگا کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے ییلن نے کہا کہ امریکہ اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

جب ان سے یورپ کی جانب سے اس تجویز کے بارے میں پوچھا گیا کہ روس کی ڈیزل جیسی پریمیم تیل کی مصنوعات 100 ڈالر فی بیرل اور معدنی تیل کی رعایتی مصنوعات پر 45 ڈالر فی بیرل حد مقرر کر دی جائے توانہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم 5 فروری تک کوئی معاہدہ طے کر لیں گے ۔ پانچ فروری کو روس کی ریفائنڈ مصنوعات کی درآمد پر یورپی یونین کی پابندی پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران ایک سولر پینل اسٹیشن پر فوٹو رائٹرز 27 جنوری 2023
امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران ایک سولر پینل اسٹیشن پر فوٹو رائٹرز 27 جنوری 2023

ییلن نے کہا کہ ہم نے روس پر جو پابندیاں عائد کی ہیں انہیں ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور مقامی کاروباری اداروں یا حکومتوں کی طرف سے ان پابندیوں کی خلاف ورزی کی گئی تو ہم اس پر فوری اور سخت رد عمل ظاہر کریں گے ۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا زیمبیا میں چینی سفارت خانے کے سخت تبصرے کے باعث خودمختار قرضوں کی تنظیم نو کو تیز کرنے پر چین کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کم ہوئے ہیں تو ییلن نے کہا کہ چین کے ساتھ حالیہ مذاکرات کی تعمیری نوعیت کے بارے میں ان کے خیالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن زیورچ سوئٹزرلینڈ میں 18 جنوری 2023 کو چینی نائب وزیر اعظم لیو ہی کے ساتھ: فوٹو رائٹرز
امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن زیورچ سوئٹزرلینڈ میں 18 جنوری 2023 کو چینی نائب وزیر اعظم لیو ہی کے ساتھ: فوٹو رائٹرز

ییلن نے ان چیلنجوں پر بھی بات کی جن کا سامنا جنوبی افریقہ کے زیادہ تر لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی بندش سے ہوتا ہے اور جس نے ملک کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پریشان کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے وفد نے پریٹوریا میں ہوٹل اور ان مقامات پر جہاں انہوں نے قیام کیا لوڈ شیڈنگ کا تجربہ کیا اور انہوں نے جنوبی افریقی حکام اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ توانائی کے چیلنجوں پر بات چیت میں بہت وقت صرف کیا ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقی حکام اور کاروباری رہنماؤں نے اپنے ساتھ منسلک چیلنجوں کے باوجود ان مواقعوں کے بارے میں خوشی اور نیک توقعات کا اظہار کیا جوامریکی کمپنیوں نے جنوبی افریقہ میں دیکھے۔

وی اے نیوز

XS
SM
MD
LG