رسائی کے لنکس

بنوں: مسلح افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کا رکن ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صوبہ خیبرپختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں بدھ کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے انسداد پولیو مہم سے وابستہ ایک کارکن کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق انسداد پولیو کی ایک مقامی ٹیم کے انچارج رائپ خان پیپل بازار کے علاقے میں اپنی دکان پر بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد وہاں آئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے والے رائپ خان موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ چند دن پہلے کچھ مشکوک لوگ اس بازار آ کر رائپ خان کے بارے میں پوچھ رہے تھے۔

تاحال اس واقعے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد ہی اس بارے میں کچھ وثوق سے کہا جا سکتا ہے۔

انسداد پولیو کی مہم سے وابستہ افراد ملک کے مختلف حصوں میں مسلح افراد اور شدت پسندوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں اور حالیہ برسوں میں ایسے واقعات میں درجنوں رضاکار اور سکیورٹی اہلکار ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بنوں کے قریب واقع علاقے ٹانک سے نامعلوم مسلح افراد انسداد پولیو ٹیم کے ایک انچارج ثنا اللہ کو اغوا کر کے لیے گئے تھے جنہیں تاحال بازیاب نہیں کروایا جا سکا ہے۔

دریں اثنا بدھ کو ہی پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی میں ایک بم دھماکے میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ خاتون کارکن گاڑی پر محو سفر تھیں کہ ان کی گاڑی سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے خاتون اور گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG