رسائی کے لنکس

انسداد پولیو مہم


پولیو
پولیو

عالمی ادارہ ٴصحت کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونیوالی انسداد پولیو مہم عالمی معیار کےمطابق مکمل نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے پولیو مہم غیر تسلی بخش ہے

عالمی ادارہٴ صحت نے کراچی کے سات قصبوں میں انسداد پولیو مہم کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو مہم کو مکمل طریقے سے انجام نہیں دیا جاسکا ، جس کی وجہ سےکراچی کے درجنوں بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے۔

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر میں کراچی میں منعقد کیجانےوالی پولیو مہم غیر تسلی بخش رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے سات قصبے ایسے ہیں جہاں پولیو ویکسین کی فراہمی بہتر طریقے سے ممکن نہیں بنائی گئی ، جن میں صدر، نارتھ ناظم آباد، بلدیہ، گڈاپ، گلبرگ، سائٹ اور لیاقت آباد شامل ہیں۔

عالمی ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم چلانےوالوں کی جانب سے 100 فیصد کارکردگی دیکھنے میں نہیں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی شہر کے درجنوں بچے ایسے ہیں جو پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے ہیں۔ اِس کے نتیجے میں، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے خدشہ ظاہرکیا جارہاہے کہ آئندہ برس کراچی میں پولیو کا نیا کیس سامنے آسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں ہونیوالی انسداد پولیو مہم عالمی معیار کے مطابق مکمل نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے پولیو مہم غیر تسلی بخش ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق رواں سال پاکستان کے مختلف حصوں میں 18 لاکھ بچے پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ 15 اکتوبر کو شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم سال 2012 ءکی چوتھی اور آخری مہم تھی جس سے بھرپور طریقے سے مستفید نہیں ہوا جاسکا۔
XS
SM
MD
LG