رسائی کے لنکس

خیبر پختونخوا میں 2017ء کا پہلا پولیو کیس رپورٹ


فائل
فائل

صوبائی محکمۂ صحت کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ضلع لکی مروت کے علاقے تاجہ زئی میں دو سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں رواں سال کے دوران پولیو کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

صوبائی محکمۂ صحت کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ضلع لکی مروت کے علاقے تاجہ زئی میں دو سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت خیبر پختونخوا کی انسدادِ پولیو مہم کے سربراہ محمد اکبر نے وائس آف امریکہ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد کے قومی ادارۂ صحت نے لکی مروت سے تعلق رکھنے والی دو سالہ بچی میں وائرس کی تصدیق کر دی ہے

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں رواں سال سامنے آنے والا پولیو کا یہ پہلا جب کہ پاکستان میں پانچواں کیس ہے۔

محمد اکبر نے بتایا کہ متاثرہ بچی بالکل صحت مند ہے اور وہ اپاہج ہونے سے مکمل طور پر بچ گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبے کے اس جنوبی ضلعے میں پولیو وائرس کا سامنے آنا ان کے محکمے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

محمد اکبر نے کہا کہ پورے صوبے اور اس سے ملحق قبائلی علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس خطے سے پولیو وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ نہ ہو جائے۔

پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں پر اب بھی پولیو وائرس موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے دونوں ملکوں کی حکومتیں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے خاصی کوششیں کر رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG