رسائی کے لنکس

بھارت: پولیس فائرنگ سے آٹھ قبائلی ہلاک


آسام میں دیہی کونسلوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے رابہا قبائلی ایک سڑک پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں
آسام میں دیہی کونسلوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے رابہا قبائلی ایک سڑک پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں

آسام میں دیہی کونسلوں کے انتخابات کے خلاف مظاہرہ کرنے والے قبائلی باشندوں پر پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں دیہی کونسلوں کے انتخابات کے خلاف مظاہرہ کرنے والے قبائلی باشندوں پر پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ریاستی حکومت کے ایک عہدیدار کے مطابق مقامی قبیلے 'رابہا' سے تعلق رکھنےو الے سیکڑوں مرد اور عورتیں دیہی کونسلوں کے انتخابات کے موقع پر احتجاج کر رہے تھے جب پولیس نے ان پر فائرنگ کی۔

ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ترون گوگوئی نے منگل کو ریاستی دارالحکومت گوہاٹی میں صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ رابہا قبائلیوں کے علاقے میں پولیس کی فائرنگ سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

قبیلے کے ایک رہنما نے ہلاکتوں کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تلواروں، چاقووں، برچھوں اور کلہاڑیوں سے لیس مشتعل قبائلیوں نے ریاست کے ضلع گول پاڑہ کے مختلف دیہات میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر دھاوا بولا اور پولنگ کو روکنے کی کوشش کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ رابہا قبائلی اپنے دیہات میں پنچایتوں کے قیام کے مخالف ہیں اور اسے قبائلی رسوم و رواج میں مداخلت قرار دیتے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ان کی کاروائی سے قبل مشتعل قبائلیوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر حملوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG