پاکستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی’سی ٹی ڈی‘ نے صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ایک کارروائی کر کے پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسندوں کا تعلق القاعدہ سے ہے، لیکن جب اس سلسلے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے تفصیلات بتانے سے معذرت کی۔
یہ کارروائی جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب گوجرانوالہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
اس سے قبل بھی گوجرانوالہ اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی طرف سے کی گئی ایسی ہی کارروائیوں میں القاعدہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ عسکریت پسندوں کو گرفتار و ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔
’سی ٹی ڈی‘ کے عہدیداروں کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جب جمعہ کو نصف شب کے قریب کارروائی کی گئی تو شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔
اطلاعات کے مطابق مارے گئے عسکریت پسندوں کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق اُنھیں جائے وقوع سے خودکار اسلحہ اور گولیاں بھی ملیں۔
سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ اور تجزیہ کار تسنیم نوارنی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں جس طرح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اُسی نوعیت کی مربوط آپریشن پنجاب میں بھی کیا جائے۔
ماضی میں حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے صوبہ پنجاب میں بھی ’رینجرز‘ کے آپریشن کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔
پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ صوبے میں جہاں بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملتی ہے اُن کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔