کراچی ۔۔پاکستان کے ایوان بالا، سینیٹ کے اگلے ماہ ہونے والے انتخابات کے لئے پاکستان مسلم لیگ نون اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نون لیگ کے امیدوار
نون لیگ کی جانب سے سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے لئے جن امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوا ہے ان میں راجہ ظفر الحق، پرویز رشید،جنرل(ر) عبدالقیوم، مشاہد اللہ خان، ڈاکٹر غوث نیازی، بیگم نجمہ حمید، کرن ڈار، نہال ہاشمی، چوہدری تنویر، آصف کرمانی اور پروفیسر ساجد میر شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب سے ہے۔
اسلام آباد کی نشست سے سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے لئے راحیلہ مگسی اور اقبال ظفر جھگڑا، جبکہ سندھ سے سید ظفر علی شاہ اور خیبرپختونخوا سے صلاح الدین ترمذی اور صابر شاہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
بلوچستان کی جنرل نشستوں کیلئے یعقوب خان ناصر، امیرافضل خان مندوخیل، میر نعمت اللہ زہری میدان میں اترے ہیں، جبکہ سیدالخان ناصر اور میرعرفان کرد کورنگ امیدوار ہوں گے۔
بلوچستان سے ہی ٹیکنوکریٹس کی نشست کے لئے شہباز خان درانی انتخاب لڑیں گے، جبکہ ان کے کورنگ امیدوار ایازخان سواتی ہوں گے۔ اقلیتوں کیلئے دھنیش کمار کو جبکہ خواتین کی نشست کے لئے کلثوم پروین کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
امیدواروں کا اعلان طویل مشاورت کے بعد بدھ کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔بورڈ کو 172درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
ایم کیو ایم کے امیدوار بھی انتخاب کے لئے سامنے آگئے
مسلم لیگ نون کے ساتھ ساتھ ہی سندھ کی دوسری بڑی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے بھی سینیٹ انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کے نام فائنل کرلئے ہیں۔
مارچ میں متحدہ کے تین سینیٹرز بابر غوری، عبدالحسیب خان اور شیرالہ ملک کی مدت مکمل ہوجائے گی، جن کی جگہ لینے کے لئے، ایم کیو ایم نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے صدور بالترتیب میاں عتیق اور بیرسٹر سیف کو سندھ سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ نگہت خاتون اور رضازیدی بھی ان ہی کے امیدوار ہوں گے۔