رسائی کے لنکس

کیٹ مڈلٹن کی چھوٹی بہن، پیپا کی منگنی ہوگئی


نئے جوڑے کے بیان کے مطابق، مس پیپا مڈلٹن اور جیمز میتھیوز خوشی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ اتوار 17 جولائی کو انھوں نے نے منگنی کرلی ہے اور اگلے برس شادی کا ارداہ رکھتے ہیں

برطانوی شہزادی کیتھرین مڈلٹن کی شہزادہ ولیم کے ساتھ پریوں کی کہانی والی شادی کے پانچ سال بعد مڈلٹن خاندان میں ایک مرتبہ پھر سے شادی کی گھنٹی بجنے والی ہے، جہاں ان دنوں شہزادی کیٹ کی چھوٹی بہن پیپا مڈلٹن کی شادی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

پیپا مڈلٹن 2011ء میں اس وقت ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی تھیں، جب وہ شہزادہ ولیم کے ساتھ اپنی بہن کی شادی کے موقع پر پہلی مرتبہ دلہن کی 'برائڈ میڈ' کے طور پر منظر عام پر آئی تھیں۔

پیپا مڈلٹن اور ان کے منگیتر جیمز میتھیوز کی طرف سے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس کو دئیے گئے ایک بیان میں اپنی منگنی کی تصدیق کی ہے۔

نئے جوڑے کے بیان کے مطابق مس پیپا مڈلٹن اور جیمز میتھیوز خوشی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ اتوار 17 جولائی کو انھوں نے منگنی کرلی ہے اور اگلے برس شادی کا ارداہ رکھتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق، پیپا اور ان کے ساتھی جیمز میتھیوز اس ویک اینڈ پر برطانیہ کے شمالی علاقے کیمبریا میں چھٹیاں گزار رہے تھے جہاں کروڑ پتی سرمایہ کار میتھیوز نے پیپا کو شادی کے لیے پروپوز کیا اور ان کی شادی کی پشکش کا جواب پیپا مڈملٹن نے ہاں میں دیا ہے۔

منگنی کے اعلان کے بعد پیپا مڈلٹن جب منگل کو اپنے لندن کے گھر سے باہر آئیں تو انھوں نے ایک خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ اپنی چمکتی ہوئی ہیرے کی انگوٹھی والا ہاتھ میڈیا کی طرف لہرایا۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ترجمان کی طرف سےجاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہےکہ شاہی جوڑا منگنی کے اعلان سے بہت خوش ہے اور انھوں نے نئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پیپا کے والد اور مسٹر مڈلٹن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ کیرول مڈلٹن اس خبر سے بےحد خوش ہیں اور شاندار جوڑے کے لیےخوشیوں کی دعائیں کرتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پیپا کی ہیرے کی انگوٹھی کا ڈیزائن میتھیوز کے اعلیٰ ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے جس میں ایک بڑا ہیرا اور بہت سے چھوٹے ہیرے جڑے ہیں۔

ڈیلی میل کے مطابق پیپا کی منگنی کی انگوٹھی کی قیمت 200,000 لاکھ پاونڈ بتائی جاتی ہے۔

اگر دونوں بہنوں کی منگنی کی انگوٹھی کا موازنہ کیا جائے تو شہزادی کیٹ کی منگنی کی انگوٹھی میں 12 قیرات نیلم اور چودہ ہیرے جڑے ہیں اور یہ شہزادی ڈیانا کی منگنی کی انگوٹھی تھی جس کی قیمت اٹھائیس ہزار سے کچھ زیادہ تھی۔

مڈلٹن خاندان ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔ پیپا مڈلٹں اپنےخاندان کے تین بچوں میں سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ کیٹ مڈلٹن کی چھوٹی بہن ہونے کے علاوہ انگلش سوشلسٹ، مصنف اور کالم نگار بھی ہیں اور فی الحال پارٹ ٹائم اپنے والدین کی کمپنی پارٹی پیسسز کے لیے کام کرتی ہیں۔

نئے منگنی شدہ جوڑے کو اکثر چندے کے لیے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جاتا ہے اور دونوں اسکائنگ کا شوق رکھتے ہیں۔

پیپا مڈلٹن کے مستقبل کے شوہر جیمز میتھیوز اور شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری لڑکوں کے بورڈنگ اسکول ایٹن کالج سے فارغ التحصیل ہیں۔

پیپا اور ان کے منگیتر جیمز
پیپا اور ان کے منگیتر جیمز

کیٹ مڈلٹن کی عمر 32سال اور ان کے منگیتر جیمز میتھیوز کی عمر 40 سال ہے ان دونوں کی دوستی لگ بھگ ایک برس پرانی ہے۔

اخبار ’مرر‘ کے مطابق، پیپا اور جیمز کو 2012ء میں ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا، لیکن بعد میں وہ علحیدہ ہوگئے تھے لیکن 2015 میں جب دوبارہ ان کی دوستی ہوئی تو اس رشتے نے محبت کا رنگ اختیار کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میتھیوز نے پیپا کو شادی کی پشکش کرنے سے پہلے مسٹر مڈلٹن سے ان کی بیٹی کا ہاتھ مانگنے کی اجازت مانگی تھی جس کے بعد انھوں نے پیپا کو منگنی کی انگوٹھی پہنائی ہے۔

کیٹ مڈلٹن کی طرح پیپا مڈلٹن ایک شہزادی تو نہیں بننے جا رہی ہیں۔ لیکن، ان کی قسمت بھی کم شاندار نہیں ہے۔

جیمز ہیج فنڈ کا انتظام سنبھالتے ہیں اور ایڈن روک کیپٹل منجمنٹ گروپ کے چیف ایگزیکٹیو ہیں۔ ان کے والدین کریبین میں شاندار ہوٹل کے مالک ہیں جس کا شمار دنیا کے 100 بہترین ہوٹلوں میں ہوتا ہے، جو امیر کیبر اور مشہور لوگوں کی میزبانی کے لیے مشہور ہے۔

قیاس کیا جا رہا ہے کہ شوخ و چنچل، پیپا مڈلٹن اور دولت مند خاندان کے چشم و چراغ میتھیوز کی شادی کی تقریب شاہانہ شادی سے کم نہیں ہوگی، جس کا برطانوی عوام کو ابھی سے بڑی بے چینی سے انتظار ہے۔

XS
SM
MD
LG