رسائی کے لنکس

امریکی فوجیوں نے قندوز میں اسپتال کا گیٹ توڑا: پینٹاگان


ڈیوس نے کہا کہ امریکی ٹیم غلطی سے سمجھی کہ اس وقت وہاں ایم ایس ایف کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا اور اس نے اسپتال کے احاطے میں داخل ہونے کے لیے گیٹ توڑ ڈالا۔

پینٹاگان کے ایک ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکی فوج کے اہلکاروں نے افغان شہر قندوز میں واقع اسپتال میں داخل ہونے کے لیے اس کے گیٹ میں گاڑی مار دی تھی۔ اس ماہ کے اوائل میں اس اسپتال کو فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ڈاکٹرز ودآوٹ بارڈرز (ایم اس ایف) نامی طبی امدادی تنظیم نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک امریکی ٹینک بغیر اجازت کے قندوز میں اسپتال کے احاطے میں داخل ہوا جس سے احاطے کو نقصان پہنچا اور ممکنہ طور پر شواہد ضائع ہوئے۔

محکمہ دفاع کے ترجمان جیف ڈیوس نے پیر کو کہا کہ اسپتال کا گیٹ ٹینک نے نہیں بلکہ ایک ٹینک نما افغان گاڑی نے توڑا تھا جس میں بیٹھ کر امریکی ٹیم 15 اکتوبر کو اسپتال کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کرنے پہنچی تھی۔

ڈیوس نے کہا کہ ٹیم غلطی سے سمجھی کہ اس وقت وہاں ایم ایس ایف کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا اور اس نے اسپتال کے احاطے میں داخل ہونے کے لیے گیٹ توڑ ڈالا۔

’’ان کو پہلے سے اس پر بات کر کے جانا چاہیئے تھا۔ وہ اسے ٹھیک کر دیں گے اور گیٹ کی مرمت بھی کر دیں گے۔‘‘

3 اکتوبر کو اسپتال پر ہونے والی بمباری میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکی فوج نے طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید لڑائی کے دوران ہونے والے اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں طالبان نے قندوز پر مختصر عرصے کے لیے قبضہ کر لیا تھا جو 14 سال میں ان کی سب سے بڑی کامیابی تھی۔

ایم ایس ایف کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ اسپتال کے مقام کے بارے میں تمام فریقین کو واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا اور اس میں کوئی طالبان جنگجو نہیں تھے۔

XS
SM
MD
LG