رسائی کے لنکس

​پی سی بی نے ملتان سلطانز کے فرنچائزحقوق ختم کردیئے


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے فرنچائز حقوق ختم کر دیئے جس کے نتیجے میں ٹیم کے حوالے سے تمام حقوق پی سی بی کو واپس مل گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ فرنچائز کی جانب سے مالی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کے بعد کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن شیڈول کے مطابق چھ ٹیموں کے ساتھ میچز کی مقررہ تعداد کے ساتھ ہوگا۔ بورڈ تمام کھلاڑیوں اور کوچز کے معاہدے کی مکمل ذمہ داری لے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا گیا ہے کہ پلیئرز ڈرافٹ شیڈول 20 نومبر 2018ء کو ہوگا جس میں چھٹی ٹیم کا انتخاب پی سی بی خود کرے گا۔

چھٹی ٹیم کو حقوق دینے کے لئے ٹینڈر جاری کیا جائے گا جس کی تفصیلات جلد بتائی جائیں گی۔ نئے مالک کے پاس چھٹے فرنچائز شہر اور نام رکھنے کا آپشن ہوگا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ فرنچائزز، اسپانسرز، پلیئرز، کوچز اور مداحوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ پلان کے مطابق ہوگی، اسلام آباد میں پی ایس ایل ڈرافٹ کے ساتھ ہی ہماری تیاریاں اپنے عروج پرہوں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا 2019ء کا ایڈیشن ایک یادگار ایونٹ ہوگا کیونکہ پلے آف میچز سمیت فائنل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری 2019ء کو متحدہ عرب امارات میں شاندار افتتاحی تقریب اور اس کے بعد پہلے میچ سے ہوگا۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ تیسرے سیزن سے ایونٹ میں شامل ہوئی تھی اور اس کی قیادت سینئر کرکٹر شعیب ملک نے کی تھی۔

XS
SM
MD
LG