رسائی کے لنکس

دورۂ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، کون اِن کون آؤٹ؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تینوں فارمیٹس کے لیے الگ الگ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی جب کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ یہ سیریز آئندہ ماہ سے شروع ہوں گی۔

پاکستان ٹیم کے کھلاڑی اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقایا میچز کھیلنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔ ایونٹ کے اختتام پر وہ تمام کھلاڑی جو دورۂ انگلینڈ کے لیے اسکواڈ میں منتخب ہوئے ہیں وہ 25 جون کو برطانیہ روانہ ہوں گے۔ بعد ازاں ٹیم ویسٹ انڈیز جائے گی۔

پی سی بی نے جمعے کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بالترتیب 18 اور 19 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جب کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں 21 کھلاڑی شامل ہیں۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 13 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جب کہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں آٹھ کھلاڑی تینوں فارمیٹس کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شاداب خان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نائب کپتان کی ذمہ داریاں انجام دیں گے جب کہ ٹیسٹ سیریز میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔

کون سا کھلاڑی اِن، کون آؤٹ؟

پی سی بی کے مطابق حارث سہیل اور عماد وسیم کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ اسی طرح محمد عباس اور نسیم شاہ بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے اعظم خان کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سلمان علی آغا کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ اب تک گھٹنے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں جس کے باعث ان کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کو فٹنس سے مشروط رکھا گیا ہے۔

جن کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے ان میں نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں جب کہ اوپننگ بلے باز فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور فاسٹ بالر وہاب ریاض اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے جب کہ تابش خان اور محمد آصف بھی سلیکٹرز کو متاثر نہ کر سکے۔

ون ڈے اسکواڈ:

کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، حیدر علی، حارث رؤف، حارث سہیل، عبداللہ شفیق، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، شرجیل خان، حیدر علی، حارث رؤف، محمد حفیظ، سرفراز احمد، ارشد اقبال، اعظم خان، فہیم اشرف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عابد علی، اظہر علی، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، عمران بٹ، محمد عباس، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہ نواز دانش، یاسر شاہ اور زاہد محمود شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG