رسائی کے لنکس

پی سی بی کا پی ایس ایل سکس کے باقی میچز 9 جون سے کرانے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرونا کے باعث ملتوی ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے باقی میچز نو سے 24 جون تک ابوظہبی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کے جاری اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے ابتدائی شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ ایونٹ میں چھ ڈبلر ہیڈرز یعنی ایک روز میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں کوالیفائر اور ایلمینیٹر ون بھی ہو گا جس کے بعد پی ایس ایل کا فائنل کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلے جائیں گے جب کہ جس روز دو میچز ہوں گے اس دن پہلا میچ شام چھ بجے اور دوسرا میچ رات 11 بجے شروع ہو گا۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور پی ایس ایل سکس کو بھی اسی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا تھا۔

پی ایس ایل سکس کا آغاز 20 فروری 2021 کو ہوا تھا تاہم ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسے چار مارچ کو غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں مارچ میں پی سی بی نے ایونٹ کے باقی میچز جون میں کراچی میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مختلف وجوہات کے باعث اس ایونٹ کو ابوظہبی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل سکس کے باقی میچز یکم سے 20 جون کے درمیان ابوظہبی میں کرائے جائیں گے تاکہ فرنچائز کو نقصان بھی نہ ہو اور شائقین بھی گھر بیٹھے ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔

پی سی بی کے اس اعلان کے بعد بھی ایونٹ کے انعقاد میں مختلف رکاوٹیں حائل ہوئیں اور براڈکاسٹرز، کھلاڑیوں کے ویزے اور قرنطینہ کی شرط کے مسائل کی وجہ سے شیڈول کے اعلان میں تاخیر ہوئی اور ان خدشات نے جنم لیا کہ شاید ایونٹ تاخیر سے ختم ہو۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جاںے تھے اور آخری وقت تک 14 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG