رسائی کے لنکس

عوامی تحریک نے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان موٴخر کردیا


طاہر القادری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے آج ان کا رابطہ نہیں ہو سکا؛ وہ مسلسل میٹنگز میں تھے، ان سے ملاقات کے بعد ہی حتمی اعلان کیا جائے گا

پاکستان عوامی تحریک نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی اپیل پر آئندہ کا لائحہ عمل ہفتے تک موٴخر کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان پی اے ٹی کے رہنما ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے اپنے پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے آج ان کا رابطہ نہیں ہوسکا، جو مسلسل میٹنگز میں تھے، ’ان سے ملاقات کے بعد ہی‘ وہ حتمی اعلان کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے نصب شب اپنی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ بھی کوئی حتمی فیصلہ کرلیں جو ہمارے حق میں بھی جا سکتا ہے۔

اعلان سے قبل، پی ٹی اے کے تین رکنی وفد نے طاہر القادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں بھیجے جانے والے تین رکنی وفد کے ذریعے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا آئندہ کا لائحہ عمل ایک دن کے لئے موٴخر کردیں۔ لہذا وہ موجودہ تمام تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل کا اعلان ایک دن کے لئے موٴخر کر رہے ہیں۔

اس اعلان سے قبل، انہوں نے شرکا سے ان کی مرضی بھی معلوم کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جہاں شرکا نے اتنا طویل انتظار کیا ہے وہاں ایک دن اور وہ ٹھہر جائیں۔ بقول اُن کے، ’کامیابی بہت قریب ہے‘ اور ’ان کے قدم چومے گی‘۔

XS
SM
MD
LG