رسائی کے لنکس

پروازیں بند، طیارے کہاں پارک کریں؟


آئندہ کچھ ہفتوں میں گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔ (فائل فوٹو)
آئندہ کچھ ہفتوں میں گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔ (فائل فوٹو)

کرونا وائرس کے سبب فضائی آپریشن معطل ہونے سے دنیا بھر کے ہزاروں طیارے گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں جس سے درجنوں ایئر پورٹس پر طیاروں کی پارکنگ دردِ سر اور ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق دنیا کے بڑے ایئرپورٹس پر ٹیکسی ویز، ہینگر اور رن ویز کو 2500 سے زیادہ طیاروں کے لیے بڑی پارکنگ لاٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

بڑے طیاروں کو پارک کرنے کے لیے فٹ بال اسٹیڈیم کے تین چوتھائی حصے یا آٹھ منزلہ عمارت کے برابر جگہ درکار ہے جب کہ گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی تعداد زیادہ اور پارکنگ کی گنجائش کم پڑ رہی ہے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث انٹرنیشنل پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے فضائی کمپنیاں اپنے ملازمین کو چھٹیوں پر بھیج رہی ہیں یا اُنہیں فارغ کیا جا رہا ہے۔ دوسرا بڑا مسئلہ طیاروں کی پارکنگ کا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق آئندہ کچھ ہفتوں میں گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔

آسٹریلیا کی قنتاس اور سنگا پور کی سرکاری ایئر لائن موجودہ حالات کے پیشِ نظر اپنی پروازیں منسوخ کرنے پر غور کر رہی ہے۔

سیریم کے اعداد وشمار کے مطابق آسٹریلیا کی قنتاس ایئرویز اور سنگاپور ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں میں مزید کمی کے اعلان کے بعد آنے والے ہفتوں میں کچھ اور طیارے گراؤنڈ کر دیے جائیں گے۔ مگر سوال یہ ہے کہ یہ طیارے کہاں پارک کیے جائیں؟

فرینکفرٹ جرمنی کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے مگر وہ آج پروازیں نہ ہونے کے سبب بالکل خاموش ہے۔ اس کے ٹیکسی ویز اور شمال مغربی لینڈنگ رن ویز لفتھانسا ایئر کی پارکنگ لاٹس میں تبدیل ہو گئے ہیں۔

لفتھانسا نے طیارے پارک کرنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیویچ کے قریب ایک ملٹری ایئرپورٹ بھی کرائے پر لیا ہوا ہے۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے دیگر بڑے ایئرپورٹس جن میں ہانگ کانگ، سیول، برلن، ویانہ، مرانہ، کیلی فورنیا، منیلا اور ایریزونا شامل ہیں وہاں بھی طیاروں کے رش کا یہی عالم ہے۔

چھوٹے ائیرپورٹس کی بات کریں تو وہاں بھی طیاروں کی بڑی تعداد پارکنگ لاٹس میں موجود ہیں۔ میلبورن کے ایک مقامی ایئرپورٹ پر بھی قنتاس ایئر ویز کے 50 جیٹ اسٹار طیارے پارک کیے جانے کی توقع ہے۔

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقربباً 100 مزید طیارے آسٹریلیا کے بڑے ایئر پورٹس پر عنقریب پارک کر دیے جائیں گے۔

میلبرن اور برسبین ایئرپورٹس کی انتظامیہ طیاروں کی بلامعاوضہ پارکنگ کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ برسبین ائیرپورٹ پر 101 طیارے کھڑے کرنے کی گنجائش ہے۔

کیتھے پیسیفک ایئر ویز لمیٹڈ ہانگ کانگ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والی خطے کی سب سے پہلی ایئرلائن ہے۔ اس کے 737 میکس جیٹس ایک سال کے لیے گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں جب کہ اس پر طیاروں کو کھڑا کرنے کے لیے مزید مقامات تلاش کرنے کا دباؤ بھی برقرار ہے۔

XS
SM
MD
LG