رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان، حفیظ ڈراپ


محمد حفیظ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ (فائل فوٹو)

پاکستان کے دورے پر آئی جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں شان دار کارکردگی دکھانے والے محمد حفیظ کو بروقت 'بائیو سیکیور ماحول' کا حصہ نہ بننے پر ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جس کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں حیدر علی، خوش دل شاہ، حسین طلعت، دانش عزیز، آصف علی، افتخار احمد، محمد نواز، ظفر گوہر، فہیم اشرف، عامر یامین اور عماد بٹ شامل ہیں۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ محمد رضوان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین، حسن علی ،عثمان قادر اور زاہد محمود بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 11، 13 اور 14 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

فخر زمان، محمد حفیظ، شاداب خان، عبداللہ شفیق، عماد وسیم، محمد موسی اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہ کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد وسیم کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ چوں کہ تین فروری تک 'بائیو سیکیور ببل' کا حصہ نہیں بن سکتے۔ جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ اس وقت متحدہ عرب امارات میں جاری ‘ٹی ٹین لیگ’ میں مصروف ہیں۔ جہاں انہوں نے ‘مراٹھا عریبینز’ کی طرف سے کھیلے گئے آخری میچ میں 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 61 رنز بنائے تھے۔

محمد حفیظ 2020 میں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بلے باز ہیں۔

محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ وہ پانچ فروری تک 'بائیو سیکیور ببل' کا حصہ بن سکتے ہیں۔ تاہم پی سی بی کا اصرار تھا کہ وہ تین فروری تک ٹیم کو جوائن کریں۔

ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر محمد حفیظ نے ٹوئٹ کی کہ "بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔"

حفیظ کو ڈراپ کرنے پر سوشل میڈیا پر ردِ عمل بھی سامنے آ رہا ہے۔ حفیظ کے مداح پی سی بی جب کہ کچھ صارفین حفیظ کو ذمہ دار ٹھیرا رہے ہیں۔

ڈینس نامی صارف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ محمد حفیظ نے جانے سے پہلے کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا تھا کہ وہ چھ فروری سے پہلے واپس نہیں آ سکتے۔ جس کے جواب میں کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے تین فروری تک واپس آنا ہو گا۔

ٹوئٹر صارف اویس کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ حفیظ چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی خاطر قوانین توڑ دے۔

محمد نعمان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ محمد حفیظ کو نیوزی لینڈ کے خلاف آخری سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے اور سال 2020 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے باوجود ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔

ٹوئٹر صارف محمد راجپوت نے ٹوئٹ میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ٹاپ اسکورر محمد حفیظ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG