رسائی کے لنکس

سٹیزن پورٹل ایپ پر ایک لاکھ سے زائد شکایات درج


حکومت اور اس کے اداروں کی ناقص کارکردگی سے اور زیریں ڈھانچے کی ٹوٹ پھوٹ سے متعلق اطلاع دینے کے لیے حکومتِ پاکستان نے سٹیزن پورٹل کے نام سے ایک ’موبائل ایپ‘ تیار کی تھی جس کا مقصد لوگوں کی جانب سے مقامی سطح کی شکایات درج کرانا ہے۔ ’موبائل ایپ‘ کے افتتاح کے ایک ماہ کے اندر، بیشمار لوگوں نے اپنی شکایات درج کرائی ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار نے جمعرات کو بتایا کہ سرکاری ’ایپ‘ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد شکایات درج کرائی گئی ہیں، جس کا ایک ماہ قبل افتتاح کیا گیا تھا۔

فرانسسی خبر رساں ادارے، ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق، ’ایپ‘ کا مقصد پاکستانیوں کو درپیش مقامی نوعیت کے بنیادی مسائل کے فوری حل کی کوششوں میں مدد کرنا ہے۔

لیکن، حکومت کو بے شمار شکایات موصول ہو چکی ہیں، خاص طور پر توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق عام مسائل کے بارے میں۔ یہ بات وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی نے بتائی ہے۔

اسلام آباد میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے، درانی نے بتایا کہ تقریباً 84000 شکایات حل کی جانی باقی ہیں؛ جب کہ تقریباً 16000 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

ادھر، بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں نے تقریباً 4000 شکایات درج کرائی ہیں، جب کہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے والے افراد میں سے 96 فی صد مرد تھے۔

وزیر اعظم عمران خان جولائی میں اقتدار میں آئے۔ اُنھوں نے نئے پاکستان کا نعرہ لگایا تھا، جسے بڑھ چڑھ کر پذیرائی نصیب ہوئی۔ اُنھوں نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑنے کا وعدہ کیا تھا۔

جولائی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں، عمران خان نے کہا تھا کہ ’’ہمارے ملک کے ادارے اتنے مضبوط ہوں گے کہ وہ رشوت ستانی کو بند کرانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ احتساب کا آغاز مجھ سے ہوگا، پھر میرے وزراٴ کا احتساب ہوگا، جس کے بعد اس کا دائرہ دوسروں تک پہنچے گا‘‘۔

لیکن، پاکستان جس کی آبادی تقریبا 20 کروڑ 70 لاکھ کے لگ بھگ ہے، وہاں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً 15 کروڑ ہے۔ ملک کی نوکر شاہی سست روی سے کام کرتی ہے، جس کے اندر نااہلی اور بدعنوانی عروج پر ہے۔

XS
SM
MD
LG