رسائی کے لنکس

جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نواز شریف امریکہ روانہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی وزیراعظم چین اور اقوام متحدہ کی میزبانی میں ہونے والے ایک سربراہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جس میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو امریکہ روانہ ہو گئے۔

نیویارک میں جنرل اسمبلی کے سترویں اجلاس سے وزیراعظم 30 ستمبر کو خطاب کریں گے۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم امریکہ میں اپنے قیام کے دوران امن سے متعلق ایک سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس کی میزبانی مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، امریکہ اور پاکستان کر رہے ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم چین اور اقوام متحدہ کی میزبانی میں ہونے والے ایک سربراہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جس میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب دنیا کے مختلف خطوں میں مختلف مسلح تنازعات کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد یورپ کی طرف نقل مکانی کر رہی ہے جس سے وہاں ایک بحرانی کیفیت پیدا ہوتی جا رہی ہے جب کہ عالمی امن کو شدت پسندوں سے درپیش خطرات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میں ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات بھی عالمی رہنماؤں کے لیے ایک فکر انگیز صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔

ماضی میں پاکستانی رہنما جنرل اسمبلی سے اپنے سالانہ خطاب میں جہاں دیگر امور پر اپنا نقطہ نظر عالمی برادری کے سامنے پیش کرتے آئے ہیں وہیں پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ اپنے دیرینہ تنازع کشمیر کا ذکر بھی کیا جاتا رہا ہے۔

حالیہ مہینوں میں دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین کشمیر کو تقسیم کرنے والی عارضی حد بندی "لائن آف کنٹرول" اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ و گولہ باری کے تواتر سے ہونے والے تبادلوں اور ان میں ہوئے جانی نقصانات کی وجہ سے تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہیں۔

پاکستان اور بھارت فائربندی کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔ امریکہ، اقوام متحدہ اور چین دونوں ملکوں کو اس تناؤ کو کم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے پر زور دے چکے ہیں۔

پاکستانی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں بھارت سے تعلقات میں تناؤ کا سبب بننے والے امور پر بھی وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ سے اپنے خطاب میں بات کریں گے۔

تاحال اس اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات طے نہیں ہے۔

جنگ سے تباہ حال پڑوسی ملک افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستانی کردار کے علاوہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا تذکرہ بھی وزیراعظم نواز شریف کے خطاب میں متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG