رسائی کے لنکس

پہلا ٹی20: سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست


Pakistan Sri Lanka Cricket
Pakistan Sri Lanka Cricket

میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے ہرادیا ہے۔

جمعرات کو ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کی پوری 3ء18 اوورز میں 102 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جواباً پاکستان نے مقررہ ہدف 2ء17 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 31 گیندوں پر 42 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

محمد حفیظ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ بابر اعظم نے 22 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے سنجایا نے 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ پتھیرانا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور پاکستانی بالروں کے سامنے اس کا کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

پاکستان کی طرف سے باؤلنگ کا آغاز عماد وسیم نے کیا جنہوں نے پہلے ہی اوور میں سری لنکن اوپنر دلشان مناویرا کو کلین بولڈ کر دیا۔

عماد وسیم کے بعد عثمان خان شنواری باؤلنگ کے لیے آئے تو اُنہوں نے بھی پہلے ہی اوور میں سری لنکن بیٹسمین ڈنو شکاگنا تھلاکا کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں تواتر کے ساتھ گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی طرف سے پرسنا اور سماراوکرما 23، 23 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گناتھلاکا نے 18 اور پریانجن نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے تین اور محمد حفیظ اور عثمان خان شنواری نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ بھی جمعے کو ابوظہبی جب کہ تیسرا اور آخری میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG