رسائی کے لنکس

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 اتوار کو ہو گا


پاکستان سپر لیگ کے موقع پر اسٹیڈیم میں کرکٹ کے پرستاروں کا جوش و خروش ۔ فائل فوٹو
پاکستان سپر لیگ کے موقع پر اسٹیڈیم میں کرکٹ کے پرستاروں کا جوش و خروش ۔ فائل فوٹو

کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20سیریز اتوار سے شروع ہورہی ہیں۔ پہلا میچ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا ۔

پاکستان سپر لیگ کےعلاوہ نو سال بعد کسی بھی غیر ملکی ٹیم کا یہ پہلا دورہ ہے اس لئے کراچی کے کرکٹ فینز کے لئے یکم ، دو اور تین اپریل کو ہونے والے تینوں میچز ایکسائٹمنٹ لئے ہوئے ہیں۔

تینوں میچز کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں ۔ نوجوانوں کی کرکٹ کے لئے ’دیوانگی‘کو مد نظر رکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوگا ۔

کرکٹ فینز کے علاوہ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی اس حوالے سے خاصے پرجوش نظر ہیں۔ وہ فرانسیسی خبررساں ادارے سے انٹرویو میں پہلے ہی یہ امکان ظاہر کرچکے ہیں کہ ’ کراچی کے نوجوان بھرپور تعداد میں يہ میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں اس وقت پاکستان پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔ٹیم کی جانب سے مقابلے کی تیاری کے طور پر پچھلے دو دنوں سے پریکٹس بھی جاری تھی۔

ادھر ویسٹ انڈیز بھی جیت کے لئے پر عزم ہے لیکن اس کے زیادہ تر کھلاڑی کم تجربہ کار ہیں۔ٹیم کی کپتانی جیسن محمد کررہے جبکہ بیٹنگ میں مارلن سیموئلز واحد تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

تاہم سابق کپتان شعیب ملک نے ویسٹ انڈین ٹیم کو متوازن قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کا حصہ ہیں اس لئے کہہ رہا ہوں کہ ویسٹ انڈین ٹیم اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر پہلے ہی سخت سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔سیکیورٹی کے لئے آٹھ ہزار اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں جو آج رات سے ہی سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد شروع کردیں گے۔

سیکیورٹی پلان کی تفصیلات کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ،ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک، رینجرزکے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شاہداور ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اورپارکنگ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے متبادل روٹس کا بھی تعین کردیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہا ہے کہ ’میچ کا ٹکٹ اور قومی شناختی کارڈ والوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلہ مل سکے گا ۔ اسٹیڈیم کے گیٹ چار سے سات بجے تک کھلے رہیں گے ۔عوام کو صرف موبائل فون اور خواتین کو صرف ایک چھوٹا بیگ اسٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت ہوگی۔

XS
SM
MD
LG