رسائی کے لنکس

سردیوں میں معمول سے زیادہ بارشیں اور برفباری


دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں میں شدت کے باعث موسم سرما ختم ہونے کے باوجود پاکستان میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کا دورانیہ بڑھنے سے موسمِ بہار میں تاخیر ہوئی ہے اور گرمیوں کا دورانیہ کم ہو گا لیکن گرمیوں میں شدید گرم موسم ہو گا۔

ملک کے موسم میں یہ شدت بارشوں اور برف باری میں یہ غیر معمولی اضافہ تقریباً دو عشروں کے بعد رونما ہوا ہے جس کے نتیجے میں بارشوں میں تیس سے چالیس فیصد جب کہ برف باری میں تقریباً سو فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

مری میں معمول کے مطابق اوسط چار فٹ برف پڑی تھی لیکن اس سال اب تک آٹھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ میں مزید دو بارشیں اور ہونے کا امکان بھی ہے۔

موسم سرما کی بارشوں کی طوالت سے ملک میں موسم بہار دو ہفتے تاخیر سے آئے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اس سال گرمی کا دورانیہ کم ہو گا لیکن شدت زیادہ ہو گی۔

دنیا بھر میں غیر معمولی موسمیاتی پیٹرن

محکمہ موسمیات پاکستان کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر حنیف کے مطابق موسم میں اس غیر معمولی تبدیلی کی وجہ اوزون میں تبدیلی کے باعث بالائی فضا کا گرم ہو جانا ہے جس سے دنیا بھر موسمیاتی پیٹرن تبدیل ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ غیر معمولی تبدیلی دنیا بھر میں دیکھی گئی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت میں کمی مارچ کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے۔

تاہم رواں سال موسم گرما میں سخت گرمی پڑنے کا امکان ہے اور شدید گرم موسم کے سبب امکان ہے کہ پہاڑوں پر برف تیزی سے پگھلے گی اور دریاؤں کے پانی میں غیر معمولی بہاؤ اور سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔

فصلوں کے لیے وافر پانی

چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق زیادہ بارشوں اور برف باری سے دریاؤں میں پانی میں اضافہ ہو گا جبکہ زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہوئی ہے۔

فصلوں کے لیے دستیاب پانی کے ذخائر زیادہ ہونے سے پیداوار اچھی ہونے کا امکان ہے۔

بارشوں کے طویل سلسلے سے ملک میں ربیع کی فصلیں خاص طور پہ گندم پر مثبت اثرات پڑے ہیں اور اس سال گندم کی بھرپور فصل ہو گی۔

سیلابی ریلوں کے خطرات

ملک کے شمالی علاقوں، کشمیر، مری گلیات اور بلوچستان میں پڑنے والی غیر معمولی برف باری کے بعد جب مئی اور جون میں درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلے گی تو اس سے بعض علاقوں میں سیلاب آ سکتے ہیں۔

خیبر پختونخواہ، شمالی اور پہاڑی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں تغیانی کا خدشہ ہے۔

حالیہ موسلادھار بارشوں اور برف باری کے نتیجے میں پاکستان کے صوبے بلوچستان کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کے سبب رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور کئی علاقوں کا زمینی راستہ منقطع ہے۔

ماہرین موسمیات کہتے ہیں کہ بارش کے اس طویل سلسلے سے صوبے بلوچستان میں جاری طویل خشک سالی ختم ہوئی ہے اور کوئٹہ میں زیر زمین پانی کی کم ہوتی ہوئی سطح میں بہتری آئی ہے۔

XS
SM
MD
LG