رسائی کے لنکس

سب نے مل کر ریاست کے دشمنوں کو ناکام بنانا ہے: جنرل راحیل


پاکستانی سپہ سلار نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو سرحد پار بھی اپنی پناہ گاہیں بنانے سے روکنے کے لیے ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فوج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور سب نے مل کر ریاست کے دشمنوں کو ناکام بنانا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ بات انھوں نے جمعہ کو خیبر ایجنسی میں تعینات فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جنرل راحیل نے عیدالاضحیٰ مغربی سرحد پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ہمراہ منائی اور فرائض کی انجام دہی میں ان کے حوصلوں کو سراہا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو پاکستان کے دشمنوں کی کسی بھی کارروائی کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

پاکستانی سپہ سلار نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو سرحد پار بھی اپنی پناہ گاہیں بنانے سے روکنے کے لیے ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں شدت پسندوں کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف ضرب عضب کے عنوان سے بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک تین ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔

ضرب عضب کے علاوہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی خیبر ون اور خیبر ٹو کے نام سے کارروائیاں کی گئی تھیں۔

فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں ماضی کی نسبت قابل ذکر بہتری دیکھی گئی ہے لیکن اب بھی تشدد کے اکا دکا واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جنہیں حکام شدت پسندوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہیں۔

رواں ماہ ہی پشاور کے قریب بڈھ بیر میں فضائیہ کے ایک اڈے پر دہشت گردوں کے حملے میں کم ازکم 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ تمام 13 حملہ آوروں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔

ایک روز قبل جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا اور وہاں تعینات اپنے فوجیوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ و گولہ باری سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے پاکستان کی توجہ ہٹانے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔

حالیہ مہینوں میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں جانب سے فائرنگ و گولہ باری کا تبادلہ تواتر سے ہوتا رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہیں۔

دونوں ملک فائر بندی کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG