رسائی کے لنکس

نئی امریکی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری سات دہائیوں پر مشتمل ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم کو امریکہ میں حالیہ صدارتی انتخابات کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات کے بارے میں بریفنگ دی۔

مشاورتی اجلاس کے بعد جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔

اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری سات دہائیوں پر مشتمل ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے پاکستان امریکہ کی نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا تھا کہ اُن کا ملک امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام اُمور بشمول انسداد دہشت گردی کے معاملے پر مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

ترجمان کی طرف سے کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے لڑنے اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون اہم ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے جاری تعاون کا عمل چلتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG