رسائی کے لنکس

سب سے زیادہ مہاجرین پاکستان میں آباد ہیں: یواین ایچ سی آر


اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین ’یو این ایچ سی آر‘ کے مطابق کسی بھی دوسرے ملک میں پناہ حاصل کرنے والے ہر چوتھا شخص افغانستان کا شہری ہے

پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو اقوام متحدہ کے زیر اہمتام اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں عالمی ادارے کے عہدیداروں نے بتایا کہ اب بھی پاکستان میں دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے مہاجرین آباد ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین ’یو این ایچ سی آر‘ کے مطابق کسی بھی دوسرے ملک میں پناہ لینے والا ہر چوتھا شخص افغانستان کا شہری ہے اور پاکستان میں آباد اندارج شدہ افغان پناہ گزینوں کی تعداد 16 لاکھ ہے۔

پاکستان میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لگ بھگ دس لاکھ غیر اندارج شدہ افغان پناہ گزین بھی ملک میں آباد ہیں۔

یو این ایچ سی آر کی ترجمان دنیا اسلم خان نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں پناہ گزینوں کے عالمی دن کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد مجبوراً وطن چھوڑنے والوں کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

دنیا اسلم خان نے بتایا کہ پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی رضا کارانہ وطن واپسی کا عمل 2002ء میں شروع ہوا تھا اور اب تک 38 لاکھ پناہ گزین اپنے آبائی ملک واپس جا چکے ہیں۔

یواین ایچ سی آر کی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے بعض علاقوں میں شورش کے باعث اندرون ملک نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد ساڑھے آٹھ لاکھ ہے۔

پاکستان میں آباد افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لیے حکومت نے 30 دسمبر 2012ء کی ڈید لائن مقرر کر رکھی تھی لیکن بعد میں اس میں چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔

پاکستانی حکام یہ کہہ چکے ہیں کہ گزشتہ تین دہائیوں سے افغانوں کی میزبانی کر کے حکومت اور پاکستان کے عوام نے جو نیک نامی کمائی ہے اسے ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG