پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تجربہ کار بلے باز فواد عالم کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کیا۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان اظہر علی کے علاوہ شان مسعود، اسد شفیق، بابر اعظم، فواد عالم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، عابد علی، امام الحق، حارث سہیل، بلال آصف، یاسر شاہ، نسیم شاہ، محمد عباس، فہیم اشرف اور عمران خان سینئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فواد عالم کی ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں بیٹنگ اوسط 40 سے اُوپر ہے۔ لیکن انہیں گزشتہ سالوں ٹیم میں شامل نہ کرنے پر پی سی بی پر تنقید بھی کی جا رہی تھی۔
فواد عالم نے آخری بار 2009 میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ اس سیریز کا پہلا میچ سات سے 11 فروری تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دُوسرا میچ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے بعد تین سے سات اپریل تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم اپنی کارکردگی میں تسلسل رکھے گی۔ پاکستانی ٹیم نے پاکستان میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔
مصباح الحق نے کہا کہ ان کا ہدف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔