رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کی تنزلی: پاکستان نے ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی


پاکستان کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آئی سی سی نے جمعے کو ون ڈے ٹیموں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے اور یہ رینکنگ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ کے نتیجے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

سری لنکا نے جمعرات کو پالیکیلے میں کھیلے گئے میچ میں مہمان آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دی تھی جس اثر آسٹریلیا کی انٹرنیشنل ون ڈے رینکنگ پر بھی پڑا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم نئی ون ڈے رینکنگ میں تیسری سے چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے جب کہ پاکستان نے 106 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

نیوزی لینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے اور انگلینڈ 124پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ دس بہترین ٹیموں کی اس فہرست میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 105 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران پاکستان ٹیم اور کھلاڑیوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں۔ پندرہ جولائی کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے دو بلے بازوں نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG