رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے مہمان آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کر دیا


بارش کے سبب میچ میں تاخیر ہوئی  تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو  43 اوورز میں جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف ملا۔
بارش کے سبب میچ میں تاخیر ہوئی  تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو  43 اوورز میں جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف ملا۔

سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

پالیکیے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں میزبان سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔

بارش کے سبب میچ میں تاخیر ہوئی تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 43 اوورز میں جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف ملا۔ بظاہر آسان دکھائی دینے والا یہ ہدف آسٹریلیا کے لیے اس وقت دشوار ہو گیا جب سری لنکن بالنگ اٹیک کے سامنے کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز اپناتے ہوئے اننگز شروع کی لیکن 39 کے مجموعی اسکور پر فنچ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعدازاں یکے بعدیگرے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 189 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 37 اور ہارڈ ہٹر گلین میکسویل 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسٹیون اسمتھ 28، ٹریوس ہیڈ 23، مارنس لبوشین 18 اور الیکس کیری نے 15 رنز بنائے جب کہ تین بلے باز ڈبل فیگر میں شامل نہ ہو سکے۔

میزبان سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرانارتنے نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دھاننجایا ڈی سلوا، دشمنتھا چمیرا اور ڈونتھ ویلالاگے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو سلو پچ کے باوجود آسٹریلوی بالرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور اوپنرز 35 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی اٹیک کے سامنے سری لنکا کا کوئی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز کشال مینڈس 36، دھاننجایا ڈی سلوا 34، چیرتھ اسالنکا 13، کپتان داسن شناکا 34 اور چمیکا کرانارتنے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنز کامیاب بالر رہے جنہوں نے 35 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل اور میتھیو کوہن مین نے دو دو جب کہ مچل سوئپسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں تین ایک روزہ میچز میں اسے دو ایک سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG