رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی


پاکستان نے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کپتان بابر اعظم کے 151 اور مڈل آرڈر بلے باز افتحار احمد کے ناقابلِ شکست 109 رنز کی بدولت پاکستان نے نیپال کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لیکن ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان چار وکٹیں لے کر نمایاں رہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکتیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور محمد نواز کے حصے میں بھی ایک، ایک وکٹ آئی۔

نیپال کی پوری اننگز صرف 104 رنز پر سمٹ گئی اور صرف تین کھلاڑی ڈبل فگرز عبور کر سکے۔

اس سے قبل پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے تھے جن میں کپتان بابر اعظم کے 151، افتحار احمد کے ناقابلِ شکست 109 اور محمد رضوان کے 44 رنز بھی شامل تھے۔

ایونٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیمیں گروپ اے میں جب کہ بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔

ایونٹ میں مجموعی طورپر 11 میچ کھیلے جائیں گے۔ ملتان میں افتتاحی میچ کے بعد تین میچ لاہور میں ہوں گے جب کہ نو میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف پاکستان کی 11 رکنی ٹیم، کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل تھی۔

دوسری جانب نیپال کی11 رکنی ٹیم کشال بھرٹیل، آصف شیخ، بھیم شرکی، روہت پوڈل، کشال مالا، دپندرا سنگھ ایری، گلسان جاہ، سومپل کامی، کرن کے سی، سندیپ لاماچانے اور لالت راجبانشی پر مشتمل تھی۔

پاکستان نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی تھی اور مہمان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG