رسائی کے لنکس

اسلام آبادکی پہلی کامیابی، ملتان کو 5 وکٹوں سے شکست


اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک کی ناقابل شکست ٹیم ملتان سلطانز کو 5وکٹوں سے ہراکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے کمارسنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز شروع کی تاہم ملتان کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا اور سنگاکاراصرف 6رنز بناکر رومان رئیس کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سنگاکارا کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان کی وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس نے رکنے کا نام نہ لیا اور ایک کے بعد ایک بیٹسمین کریز پر آتا اور جاتا رہا۔

مسلسل دو میچز جیتنے والی ملتان سلطانز آج الگ ہی رنگ میں نظرآئی اور کوئی بھی بیٹسمین اسلام آباد کے بولرز کے سامنے ٹھہر نہ سکا۔

احمد شہزاد 11، شعیب ملک 35اور پولارڈ 28 رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا اور پوری 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 113رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے رومان رئیس نے تین، محمد سمیع اور آندرے رسل نے دو ، دو جبکہ اسٹیون فن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز بھی تباہ کن انداز میں ہوا۔ صفر کے اسکور پر اوپنر رونچی آؤٹ ہوئے تو 37پر صاحبزادہ فرحان کو عمران طاہر نے کلین بولڈ کردیا۔والٹن 28رنز پر جنید خان کا شکار بنے۔

63رنز پر اسلام آباد کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ لیکن اس کے بعد حسین طلعت اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے17اعشاریہ 4اوورز میں 117رنز بناکر ایونٹ میں اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلادی۔ حسن طلعت نے ناقابل شکست 48اور فہیم اشرف نے 12رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین جبکہ محمد عرفان اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائٹنس ٹیبل پر ملتان سلطانز چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔

XS
SM
MD
LG