رسائی کے لنکس

بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی جب کہ درجہ حرارت میں چار سے چھ درجے سینٹی گریڈ کمی واقع ہوئی ہے

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن ماہرین اسے فصلوں اور انسانی صحت کے لیے خاصا مفید قرار دے رہے ہیں۔

پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے لیکن محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع صاف ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد حنیف نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا یہ ایک اچھا سلسلہ تصور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے اور ملک کے مختلف علاقوں سے ان پہاڑی مقامات کا رخ کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد کو ان علاقوں تک پہنچنے میں دشواری اور پہلے سے وہاں موجود سیاحوں کو مشکلات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

محمد حنیف کہتے کہ برف باری کا سلسلہ تو آئندہ 24 گھنٹوں میں رک جائے گا لیکن درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔

’’درجہ حرارت میں چار سے چھ سینٹی گریڈ کمی ہوئی ہے ۔ برف باری بھی بہت اچھی ہوئی مری اور گلیات میں منفی تین ڈگری درجہ حرارت تھا جب کہ کل شمالی علاقہ جات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگئی۔‘‘

ان بارشوں کے خصوصاً بارانی علاقوں میں کاشت کی جانے والی فصلوں بشمول گندم پر بہت مفید اثرات مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں موسم گرما میں پہاڑوں پر پڑنے والی برف پگھلنے سے آبی ذخائر بھی خاطر خواہ مستفید ہو سکیں گے۔

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد درجہ حرارت میں کمی کے باعث گھروں کو گرم رکھنے کے لیے قدرتی گیس کی مانگ میں اضافہ بھی ہو گیا ہے لیکن کئی شہروں میں گیس کی کمی یا عدم فراہمی سے بھی گھریلو صارفین پریشان ہیں۔
XS
SM
MD
LG