دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بولرز کی عمدہ بولنگ کےباعث پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو84رنز سے ہراکر سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کرلی۔ شعیب ملک نے 49 رنز بنائے جبکہ فہیم أشرف نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور اسکاٹ لینڈ نے آج کے میچ میں ایک ایک تبدیلی کی۔ محمد عامر جنہوں نے پہلے میچ میں 45رنز دیئے، اُن کی فٹنس پر شبہات کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، اُن کی جگہ عثمان خان کو موقع دیا گیا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے گزشتہ روز پہلا ٹی 20 کھیلنے والے اسپنرحمزہ طاہر متاثرکن پرفارمنس نہ دے سکے لہٰذا اُنہیں ٹیم سے باہر کرکے کرس سول کو شامل کیا گیا۔ اس تبدیلی کے بعد اسکاٹ لینڈ الیون اب وہی ٹیم بن گئی جس نے اتوار کو ایک روزہ میچ میں ورلڈ نمبر ون انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔
پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور فخرزمان سیریزمیں جیت کا عزم لئے میدان میں اُترے اور تیزرفتار 60 رنز بناکر اپنے ارادے ظاہر بھی کر دیئے ۔ لیکن احمد شہزاد 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو فخر زمان بھی اسکور میں صرف دو رنز کے اضافے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
آگے پیچھے دو وکٹیں گرنے کے بعد نئے بیٹسمین حسین طلعت اور سرفراز احمد نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی جس کے باعث رنز کی رفتار کچھ سست پڑگئی اور دونوں بیٹسمینوں نے 19 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔
سرفراز نے اسکور کی رفتار بڑھانے کے لئے واٹ کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش کی لیکن کرس سول نے باؤنڈری لائن پر ناقابل یقین کیچ لے کرآؤٹ کردیا۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت دباؤ کا شکار نظر آئے اور اسپنرمائیکل لیسک کو گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہوگئے۔
پاکستان ٹیم آج کے میچ میں بالکل الگ رنگ میں نظر آئی اور60 رنز کے اوپننگ اسٹینڈ کے باوجود پہلے میچ جیسا بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ تاہم شعیب ملک اور شاداب خان چھٹی وکٹ کی شراکت میں54رنز بناکر مجموعی اسکور152رنز تک پہنچا دیا۔
اس کے باوجود پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر 166رنز بنا سکی جو پہلے ٹی 20 کے مقابلے میں 38 رنز کم رہا۔ پہلے ٹی 20 میں پاکستان ٹیم نے آخری پانچ اوورز میں 80رنز بنائے تھے جبکہ آج اتنے ہی اوورز میں62 رنز بنائے۔
شعیب ملک نے بیٹنگ میں تسلسل برقرار رکھا اور صرف 22 گیندوں پر ناقابل شکست 49 رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل ہے۔
مائیکل لیسک نے تین، کرس سول نے دو اور واٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کی اننگز ڈرامائی انداز میں ہوا اور محمد عامر کی جگہ کھیلنے والے عثمان خان نے پہلے ہی اوور میں منزی کو پویلین بھیج دیا۔
جہاں پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کی وہیں اسکاٹش بیٹسمین بھی رنزبنانے کے لئے تیزی دکھاتے رہے لیکن تسلسل کے ساتھ وکٹیں گنواتے رہے، 9 اوورز میں صرف 50رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی اس مشکل صورت حال میں مزید افراتفری کا شکار ہوئے اور چودھویں اوور میں دو بیٹسمین رن آؤٹ ہو گئے۔
اسکاٹش بیٹسمین پاکستانی بولنگ کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے اور کسی بھی موقع پر میچ میں واپس نہ آ سکے اور15اوور میں پوری ٹیم 82رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ 25 ویں مرتبہ ہے جب ٹی 20 میچ میں پاکستان نے کسی بھی ٹیم کو آل آؤٹ کیا ہے۔اسکاٹ لینڈ کی طرف سے صرف مک لیوڈ25 ، بیرنگٹن 20 اور سفیان شریف 10 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں پہنچ سکے۔
یوں پاکستان نے 84رنز سے میچ جیت کر دو میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی ۔فہیم اشرف نے تین، عثمان خان نے دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔