رسائی کے لنکس

کشمیر کی صورتحال: سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست


پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی(فائل فوٹو)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی(فائل فوٹو)

پاکستان نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔

منگل کو رات گئے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے سے کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم ہونے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خط میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کے فیصلے کی منظوری کابینہ نے دی تھی جس کی سفارش پاکستان کی پارلیمان اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کی گئی۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کے بقول، بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر میں کیے گئے اقدامات نے خطے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا پولینڈ کے وزیر خارجہ کو ٹیلی فون

پولینڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ان امور پر بحث ہو گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت پولینڈ کے پاس ہے جو سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں ہے۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں کے درمیان تنازعات بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر ہونے کے ناطے پولینڈ خطے کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

بھارت جموں و کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت کو تبدیل کرنے کے اقدامات کو بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے تحفظات اور موقف کو مسترد کر چکا ہے۔ بھارت کا یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جانے کے معاملے پر چین کی قیادت سے مشاورت کے لیے گزشتہ ہفتے بیجنگ کا دورہ بھی کیا تھا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کے بقول، اس معاملے پر چین کے وزیر خارجہ نے بیجنگ کی طرف سے پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

XS
SM
MD
LG