رسائی کے لنکس

پاکستان نے 78 بھارتی ماہی گیر رہا کر دیے


بھارتی ماہی گیر رہائی کے بعد واہگہ بارڈر سے بھارت بھیجے جا رہے ہیں (فائل فوٹو)
بھارتی ماہی گیر رہائی کے بعد واہگہ بارڈر سے بھارت بھیجے جا رہے ہیں (فائل فوٹو)

یکم جولائی کو پاکستان کی طرف سے بھارت کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 494 ماہی گیروں سمیت 546 بھارتی شہری قید تھے۔

بھارت سے انتہائی کشیدہ تعلقات کے باوجود پاکستان نے اپنے ہاں قید بھارتی ماہی گیروں میں سے 78 کو رہا کر دیا ہے جو پیر کو اپنے وطن واپس چلے جائیں گے۔

پاکستانی حکام کے مطابق ان قیدیوں کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر اتوار کو کراچی کی لانڈھی جیل سے رہا کیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ان ماہی گیروں کو گزشتہ سال پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے ماہی گیر اکثر ایک دوسرے کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرتے ہوئے حکام کی حراست میں آ جاتے ہیں۔

ان خلاف ورزیوں کی عموماً وجہ ماہی گیروں کی کشتیوں میں سمت اور حدود بتانے والے جدید آلات کا نہ ہونا بتایا جاتا ہے اور اسی بنا پر یہ نادانستہ طور پر مخالف ملک کی حدود میں پہنچ جاتے ہیں۔

یکم جولائی کو پاکستان کی طرف سے بھارت کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 494 ماہی گیروں سمیت 546 بھارتی شہری قید تھے۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان تعلقات شروع ہی سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں جس میں خاص طور پر گزشتہ ایک سال کے دوران متنازع علاقے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر آئے روز فائرنگ کے تبادلے اور بھارتی سرحدی علاقے پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے پر حملے اور بھارتی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے حملوں کی وجہ سے مزید تناؤ پیدا ہوا ہے۔

بھارت اپنے ہاں ایسی تخریبی کارروائیوں اور کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے۔

اسلام آباد ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم پر کاربند ہے۔

XS
SM
MD
LG