رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں ہائی کمیشن پر مبینہ ڈرون پرواز کا بھارتی دعویٰ پاکستان نے مسترد کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایک ڈرون طیارے کو مبینہ طور پر اسلام آباد میں واقع بھارت کے ہائی کمیشن کی عمارت کے اوپر پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ اس الزام کا نئی دہلی نے اسلام آباد کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

جمعے کو بھارت کے ذرائع ابلاغ میں وزارتِ خارجہ کےحوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں بھارت کے ہائی کمیشن کی عمارت کے اوپر ڈرون طیارے کی مبینہ پرواز کے بعد نئی دہلی نے اسلام آباد سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ ایسے کسی واقعے کو دوبارہ رونما ہونے سے روکا جائے۔

مبینہ ڈرون پرواز کو نئی دہلی نے بھارت کے ہائی کمیشن کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی بھی قرار دیا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت نے اس مبینہ واقعہ کے رونما ہونے پر پاکستان سے تحریری احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بھارت کے ہائی کمیشن کے اوپر کسی بھی ڈرون پرواز کے دعوے کو نئی دہلی کا پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس اور بھارت کی وزارتِ خارجہ کا بیان دیکھا ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن کی عمارت کے اوپر ڈرون کی مبینہ پرواز کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے بقول یہ مضحکہ خیز دعویٰ بے بنیاد ہے اور ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان کے حالیہ بیان پر نئی دہلی کا کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون طیارے کی اڑان کا الزام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بھارت کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ جون آخر میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں فضائیہ کے ایک اڈے پر دو ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔

بھارت کے نائب وزیرِ داخلہ جی کشن ریڈی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جموں کے فضائی اسٹیشن پر ہونے والے حملے میں پاکستان کے کردار کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اس بیان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG