رسائی کے لنکس

660 میگا واٹ کے پاک چین بجلی گھر کا افتتاح


وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کر رہے ہیں۔ 29 نومبر 2017
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کر رہے ہیں۔ 29 نومبر 2017

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ پاکستان چین دوستي کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کر رہا ہے۔

محمد ثاقب

پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔ عام انتخابات اگست 2018ء میں ہی ہوں گے۔ اختلاف رائے کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب متحد ہیں۔

کراچی کے قریب بندرگاہ محمد بن قاسم پر کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت نے توانائی کا جو منصوبہ شروع کیا ہے اسے بروقت مکمل کیا جا رہا ہے۔ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ پاکستان چین دوستي کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ ماحول دوست ہے۔ جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی ملک میں 16 ،16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ ملک میں توانائی کا شديد بحران تھا اور توانائی کی قلت کی وجہ سے ملک کا معاشی نظام کمزور تھا۔ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک میں سب سے پہلے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن پر توجہ دی۔ ہماری پہلی ترجیحات میں توانائی کے بحران پر قابو پانا بھی تھا اس لیے حکومت نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحت مختلف ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت ہے۔ ہم سی پیک کو ہر حالت میں مکمل کریں گے۔ گوادر پورٹ پر اربوں روپے سے منصوبے لگائے جارہے ہیں۔ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک معاشی ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے پر چینی تعاون پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت ہے۔ ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں ہے۔ آئندہ انتخابات اگست 2018ء میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت متحرک اور اظہار رائے کی آزادی ہے۔ کسی بات پر اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا وژن خوشحال پاکستان ہے جس کے لیے ہم بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

پورٹ قاسم پر 1320 میگا واٹ کے بن قاسم کول پاور پروجیکٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کیا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے فیز سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ یہ منصوبہ چین کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کا دوسرا فیز فرور​ی 2018 میں مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ بجلی گھر سی پیک منصوبے کا حصہ ہیں۔

وزارت توانائی کے دعوے کے مطابق گذشتہ تین سال کے دوران تقریبا 7 ہزار میگا واٹ قومی سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے 2018 کے آخر تک نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرنے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک کو کم از کم 15 ہزار میگا واٹ یومیہ بجلی درکار ہے۔ ملک میں گذشتہ گرمیوں میں بجلی کا شارٹ فال 10 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا تھا، تاہم سردیوں میں طلب کی کمی کے باعث یہ شارٹ فال قدرے کم ہو جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG